ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتراکھنڈ کے نینی تال میں کارپانچ سو میٹر گہری کھائی میں جا گری؛ پانچ نوجوانوں کی دردناک موت

اتراکھنڈ کے نینی تال میں کارپانچ سو میٹر گہری کھائی میں جا گری؛ پانچ نوجوانوں کی دردناک موت

Sun, 26 Nov 2023 18:07:18    S.O. News Service

 نینی تال 26/نومبر(ایس او نیوز)   ضلع کے کوٹا باغ میں ایک کار پانچ سو میٹر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کار پر سوار تمام پانچ لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثہ   ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 55 کلومیٹر دور دیوی پورہ-سور روڈ پر بگھانی علاقے میں  ہفتہ کی دوپہرکو سامنے آیا جب باغنی کا رہائشی شیام  باغ میں پانی ڈالنے کے لئے باغنی پل کے نیچے اُترا  تھا۔ اس نے دیکھا کہ  ایک کار نیچے گری ہے اور اطراف نعشیں بھی بکھری پڑی  ہیں، منظر دیکھ  کر اُس کے ہوش اُڑ گئے۔ اس نے فوراً واقعے کی جانکاری اپنے گاوں والوں کو دی۔

حادثے میں مرنے والوں کا تعلق  اتر پردیش کے رام پور ضلع  سے ہے۔پولیس نے لاشوں کو کھائی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے سشیلا تیواری اسپتال بھیج دیا ہے۔

کالاڈھونگی پولیس اسٹیشن کے انچارج نندن سنگھ راوت کے مطابق سفاری کار نمبر DL 3CCC 0957 حادثے کا شکار ہوکر تقریباً 800 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔ اس خوفناک حادثے میں بلاس پور اور رام پور کے پانچ نوجوانوں کی المناک موت ہو گئی۔

جس جگہ حادثہ پیش آیا وہ انتہائی ناقابل رسائی ہے۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں نے بڑی مشکل سے لاشوں کو کھائی سے نکالا۔ تمام لاشیں گاڑی کے اردگرد بکھری ہوئی تھیں۔ اس حادثے میں کار کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

مسٹر راوت نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع کوٹا باغ چوکی پولیس کو ہفتہ کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے کوٹا باغ کے چھارا گاؤں کے رہنے والے پریم بھٹ نے دی۔ اس کے بعد کوٹا باغ چوکی کے انچارج رمیش پنت اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بڑی مشکل سے لاشوں کو کھائی سے باہر نکالا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں تمام افراد کی موت ہو گئی۔ اس لیے حادثے سے متعلق تفصیلی معلومات دستیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت ان کے پاس موجود دستاویزات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

دوسری جانب حادثے کے بارے میں ضلع مجسٹریٹ وندنا سنگھ نے بتایا کہ حادثہ جمعہ کی رات دیر گئے پیش آیا۔ ناقابل رسائی علاقہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ آج جب لوگوں کو اس بات کا علم ہوا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔مسٹر راوت نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سشیلا تیواری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ 


Share: