بلرام پور،27؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سابقہ حکومت پر الزام لگاتے ہوئے علی الجزم کہا کہ گذشتہ حکومت میں مجرموں کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور سرمایہ کار ریاست میں بی جے پی کی حکومت کے قیام کے معاًبعد واپس آنے لگے ہیں۔ یوگی نے یہاں ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ پہلے مجرموں کی وجہ سرمایہ کار ریاست چھوڑ کر فرار ہور ہے تھے ؛ لیکن جب سے اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت بنی ہے، مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے کیا گیا ہے تو یوپی میں سرمایہ کار واپس آ ر ہے ہیں ۔ انہوں نے ایس پی، بی ایس پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے لوگوں سے امتیازی سلوک کرتے ہوئے چہرہ دیکھ کر کام کیا لیکن بی جے پی حکومت سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور ہم بھی ریاست میں اسی اصول پر کار بندہیں ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی پولیس میں بھرتیاں کی جائیں گی۔ آنے والے تین سال میں چار لاکھ لوگوں کو نوکری دینے کا ہمارا خصوصی ہدف ہے ۔انہوں نے ایس پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پردیش میں جگہ جگہ فسادات ہوتے تھے لیکن بی جے پی حکومت بننے کے بعد ریاست فرقہ وارانہ فساد سے نجات حاصل کرچکی ہے ۔ یوگی نے یہ بھی کہا کہ پہلے کچھ منتخب اضلاع کو بجلی ملتی تھی لیکن ہم نے تمام اضلاع کو مساویانہ طریقہ سے بجلی فراہم کی ہے ۔