پنجی (گوا) ،13 / ستمبر (ایس او نیوز) واسکو میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی مہم کے تحت مسجد درشن کے دوران غیر مسلم طالبات کو حجاب پہنانے کا مسئلہ وی ایچ پی نے بڑے زور و شور سے اٹھایا ہے جس کے بعد ایک پرائیویٹ اسکول کی پرنسپال کو معطل کرنے کی بات سامنے آئی ہے ۔
اس معاملے پر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے گوا ژون کے صدر عثمان خان نے پریس کانفرنس کے دوران ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ : ہم کبھی بھی طلبہ کو ان کی مرضی کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی میں ملوث نہیں کرتے ۔ طلبہ کے لئے مسجد درشن کا پروگرام تمام مذاہب کے درمیان موجود مشترکہ اقدار کو نمایاں کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا ، مگر حالات نے جو رخ اختیار کیاہے اس تعلق سے ایس آئی او فکر مند ہے ۔
عثمان خان نے بتایا کہ ایس آئی او کی گوا یونٹ تقریباً گزشتہ ایک دہائی سے اس طرح کے پروگرام منعقد کرتی رہی ہے ۔ ہندو، عیسائی اور دیگر مذاہب ماننے والوں کے ذہنوں سے اسلام کےبارے میں غلط فہمیوں اور شبہات کو دور کرنا اور ان کے سامنے اسلام کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنا اس پروگرام کا بینادی مقصد ہے ۔ مگر بد قسمتی سے ایک چھوٹے سے گروپ کی طرف سے سیاسی مفاد حاصل کرنے کے لئے اسے منفی انداز میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام کو قریب لانے کے لئے کی جارہی اس طرح کی کوششوں کے بارے میں جان بوجھ کر غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس سے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس کے پیچھے وشوا ہندو پریشد کے اراکین کام کر رہے ہیں ۔
ایس آئی او کی طرف سے سوِل سوسائٹی اور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے اپیل کی گئی ہے کہ اس طرح کی کوششوں کو فروغ دینے کے لئے وہ ایس آئی او کا ساتھ دیں تاکہ سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بحال رہے ۔
ادھر وی ایچ پی وی کے برہم کارکنان نے بائنا میں موجود گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی پرنسپال کو آڑے ہاتھوں لیا اور طلبہ کو مسجد درشن کے لئے بھیجنے پر سوال کھڑے کیے ۔ پرنسپال نے اپنی طرف سے وضاحت کرتے ہوئے وی ایچ پی کارکنان کو بتایا کہ ایس آئی او کی طرف سے طلبہ کو مسجد آنے کے لئے دعوت نامہ موصول ہوا تھا ۔ اس پر وی ایچ پی کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن انسپکٹر (اے ڈی ای آئی) اور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سامنے اٹھائیں گے اور اس میں ملوث اساتذہ کے خلاف کارروائی کی مانگ کریں گے ۔
خیال رہے کہ ایس آئی او کی طرف سے منعقدہ مسجد درشن پروگرام میں بائنا گوا کے کیشو سمرتی ہائر سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے طلبہ نے حصہ لیا تھا ۔ وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے دوران غیر مسلم طالبات کے حجاب اوڑھے ہوئے فوٹو وائرل ہوئے ہیں ۔