ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری آبی تنازعہ: جنوبی کرناٹک میں بند کا زبردست اثر،کاروباراورٹرانسپورٹ متاثر

کاویری آبی تنازعہ: جنوبی کرناٹک میں بند کا زبردست اثر،کاروباراورٹرانسپورٹ متاثر

Sat, 30 Sep 2023 11:08:01    S.O. News Service

بنگلورو، 30/ ستمبر(ایس او نیوز/ایجنسی) کاویری سے تمل ناڈوکوپانی کی فراہمی کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے جمعہ کے روز تقریباً 2 ہزار کنڑا نواز تنظیموں کی آواز پر منائے گئے ”کرناٹک بند“ کا ریاست کے جنوبی حصوں میں کافی اثر دیکھا گیا - ریاست کی راجدھانی بنگلورو اس بند کی وجہ سے تھم گئی-

بند کے دوران جہاں شہر کی بیشتر سڑکیں ٹرافک نہ ہونے کی وجہ سے ویران رہی وہیں تمل ناڈو کو پانی فراہم کرنے کے فیصلے کے خلاف شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجات کا سلسلہ بھی جاری رہا - کنڑا چلوولی لیڈر واٹال ناگراج نے جہاں برقع پہن کر خالی گھڑا سر پر اٹھائے ہوئے انوکھا احتجاج کیا-

وہیں کنڑا فلم اسٹاروں نے ٹاؤن ہال سے فریڈم پارک تک ایک ریلی نکال کر کاویری کے پانی کی حفاظت کیلئے کسانوں کی جدوجہد کو اپنے ساتھ کا اعلان کیا -دیگر اضلاع میں بھی بند کا گہرا اثر دیکھا گیا - البتہ شمالی کرناٹک میں اس بند کا کوئی نمایاں اثر نظر نہیں آیا-

بنگلور کے پولیس کمشنر دیانند نے کہا کہ شہر میں کرناٹک بند کا اثر دیکھا گیا لیکن کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی کوئی خبر نہیں ملی - عوام کی طرف سے بند پر رضاکارانہ رد عمل ظاہر کیا گیا - احتجاج میں شامل ہونے والوں کو پولیس ٹیموں نے احتیاطی طورپر تحویل میں لیا اوربعد میں رہا کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ کل رات سے ہی شہر میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کردئے گئے تھے جو آج رات 12بجے تک نافذ رہے- انہوں نے کہاکہ بند کے اہتمام کے سلسلے میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی طرف سے جو ہدایت دی گئی ہے اس کے مطابق پولیس نے کارروائی کی ہے- ریاست کے مختلف مقامات پر کاویری احتجاجیوں نے شاہراہوں کو روکا اور ٹول بوتھس میں گھسنے کی کوشش کی- بنگلورو میں جابجا راستہ روکواحتجاجات اورریلیوں کی اطلاعات ملی ہیں -

بند کے پرامن گزرجانے پر وزیراعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ کاویری مسئلے پر عوام نے جو احتجاج کی آواز بلند کی ہے حکومت اس معاملے میں اس کے ساتھ ہے -ایسے مرحلے میں جب کہ کاویری میں پانی نہیں ہے-

تملناڈو کو پانی فراہم کرنے کی ہدایت سے ریاست کے عوام کی پریشانی میں اور اضافہ ہوگا -خاص طورپر کسان طبقہ جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں اس کی مشکلات اور بڑھ جائیں گی اور ریاستی حکومت ایسا ہونے نہیں دے گی-

شہرمیسور میں بند کا اثر تقریباً مکمل رہا - یہاں بھی سڑکیں ویران رہیں اورکاروبار بند رہا- منڈیا، رام نگرم، چامراج نگر، ہاسن اور ٹمکورو میں بند پر عوام کا غیر معمولی رد عمل رہا- مختلف تنظیموں سے جڑے کارکنوں نے سڑکوں پر اتر کر اپنے غم وغصہ کا اظہارکیا - بنگلورو میں کنڑا فلم انڈسٹری سے وابستہ کارکنوں نے احتجاج میں حصہ لے کر اس سے جڑی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کیا- شہر میں تقریباً تمام علاقے بند رہے، دکانیں، ہوٹلس، شاپنگ مالس ویران رہے - آٹو رکشا اورٹیکسیاں سڑکوں سے غائب رہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی اٹھانی پڑی - کے ایس آرٹی سی اور بی ایم ٹی سی بس خدمات جاری رہیں لیکن بند کی وجہ سے تقریباً 2 ہزار بسیں ڈپو سے باہر نکل نہیں پائیں - میٹرو خدمات حسب معمول جاری رہیں - ایرپورٹ پر بھی احتجاج کیا گیا - ٹیکسیاں نہ ہونے کے سبب مسافروں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا- بند کی وجہ سے 44 فلائٹوں کو منسوخ کیا گیا - چامراج نگر میں کاویری کے پانی کیلئے ہونے والے اس بند میں تمل تنظیموں نے بھی کرناٹک کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے-


Share: