بھٹکل18؍جون (ایس او نیوز) ممبئی سے منگلورو جانے والی نجی بس جب شیرور کے پاس نیرگدّے میں رکی اور مسافروں کو کھانا کھانے کے لئے چھوڑا گیا تو اسی بس کے ایک مسافر لگیج میں موجود 18 لاکھ روپے مالیت کا 466.960 گرام سونا کوئی اڑا لے گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ مہا راشٹرا کا رہنے والا ایشور دالی چند پوروال (48 سال) گزشتہ 10 سال سے ممبئی اور حیدر آباد سے سونا خرید کر منگلورو میں لا کر فروخت کیا کرتا تھا ۔ اس مرتبہ بھی اس نے مختلف دکانوں سے 18 لاکھ روپے مالیت کا سونا خریدا تھا اور ایک اسٹیل باکس میں رکھ کر اسے منگلورو لے جا رہا تھا ۔ جب بس لنچ بریک کے لئے رکی اور مسافر کھانا کھا رہے تھے تو بس کے کلینر نے مسافروں کو اطلاع دی کہ کچھ اجنبی افراد بس میں داخل ہوئے اور ایک بیگ چیک کرنے کے بعد سفید رنگ کی کار میں فرار ہوگئے ۔ ایشور نے فوراً بس میں جا کر سیٹ کے نیچے رکھی ہوئی اپنی سوٹ کیس تلاش کی تو وہ اس جگہ موجود نہیں تھی ۔ لیکن جب لگیج کمپارٹمنٹ چیک کیا گیا تو وہاں پر وہ بیگ موجود تھی مگر اس کا تالا توڑ کر اس میں سے سونا اڑا لیا گیا تھا۔
اس تعلق سے بیندور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔