پنجاب:سیلفی کے چکر میں نہر میں بہہ گئیں دولڑکیاں
چندی گڑھ،14؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اسمارٹ فون سے سیلفی ایک قاتلانہ شوق ہوتا جا رہا ہے۔سیلفی لینے کے چکر میں آئے دن لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔پنجاب کے گرداس پور میں بھی ایک ایسا ہی حادثہ پیش آیاہے ، جس میں سیلفی لینے کے چکر میں دو لڑکیاں نہر میں بہہ گئیں۔گرداس پور پولیس کے مطابق، گرداس پور ضلع کے کہنووان میں ستھیالی نہر میں موبائل فون گرنے کے بعد لڑکی اس کونکالنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن تیز دھارے میں بہہ گئی ۔دوسری لڑکی نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی بہہ گئی۔کہنووان کے تھانہ انچارج ہرجیت سنگھ نے کہا کہ دونوں کی شناخت نشا (18)اور لوپریت (17)کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ستھیالی گاؤں کی رہنے والی طالبہ ہیں۔لڑکیوں کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی خدمات لی گئیں۔یہ واقعہ جمعہ کی صبح سات بجے پیش آیاہے، لیکن دیر شام تک دونوں کا کوئی پتہ نہیں چل پایاہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ گئی ایک اور لڑکی نے واقعہ کے بارے میں دونوں کے گھر والوں کو بتایا جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔