اسکولی بچوں کواب دوپہر کے کھانے کے ساتھ شہد بھی ملے گا
کاروار26؍ستمبر(ایس او نیوز)پرائمری اور ہائی اسکول کے بچوں کومحکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے دوپہر کو گرم کھانا مفت فراہم کرنے کی جوسرکاری اسکیم چل رہی ہے اس میں اب شہد کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی طرف سے تمام ریاستوں کو جاری کردہ سرکیولرکے پس منظر میں محکمہ تعلیمات عامہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔کہاجاتا ہے کہ بچوں کے کھانے میں شہد بھی شامل کرنے کا سبب اس میں موجود کاربوہائیڈریٹ، امینو ایسڈ، پروٹین، مینرلس اور وٹامنس جیسے مفید صحت اجزاء ہیں ۔ شہد تیار کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کی طرف سے بہترین قسم کی شہد اسکولی بچوں کو فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
لیکن پتہ چلا ہے کہ ریاستی محکمہ تعلیمات عامہ ابھی الجھن میں ہے کہ بچوں کو شہد کس وقت پیش کی جائے۔محکمے کے ذرائع نے بتایا کہ ہر ایک بچے کو الگ سے شہد کھلانا مشکل کام ہے اس لئے صبح جو دودھ پینے کے لئے دیا جاتا ہے اس میں شہد ملا کر دی جائے۔ لیکن اس پر ابھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔