سعودی عرب: سکیورٹی حکام کو مطلوب دہشت گرد ہلاک
ریاض:12/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ مشرقی صوبے کے ایک قصبے العوامیہ میں سکیورٹی حکام کو مطلوب ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ " سکیورٹی فورسز کی جانب سے اْن مطلوب دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے جنہوں نے العوامیہ کے علاقے المسورہ میں ترقیاتی منصوبے کے لیے خالی کرائے جانے والے گھروں میں اڈے بنا رکھے ہیں۔ اسی مشن کے دوران ہفتے کی صبح 9:30 بجے سکیورٹی فورسز کے اہل کاروں پر نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔ترجمان نے مزیدبتایاکہ صورتحال کے مطابق جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں سکیورٹی حکام کو مطلوب تخریب کار ولید طلال العریض زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد میں دم توڑ گیا۔ کارروائی کے دوران کوئی سکیورٹی اہل کار زخمی نہیں ہوا۔