میڈرڈ فلمی میلے میں بہترین ہدایت کارہ کا انعام سعودی دوشیزہ نے جیت لیا
ریاض،18؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) میڈرڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں مختصر فلموں کے زمرے میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ سعودی خاتون ہدایت کار ریم البیات نے اپنے نام کر لیا۔ ریم کو یہ ایوارڈ ان کی فلم ’أیقظنی‘(مجھے بیدار کرو)پر ملا۔فلم کے اداکاروں میں ابراہیم الحساوی ، سمر البیات ، عہد کامل ، سماح زیدان ، راشد الورثان ، فیصل الدوخی شامل ہیں۔فلم کی کہانی سماجی بحرانوں سے دوچار ’سلام‘ نامی ایک عورت کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی کی دشواریوں کے سبب نفسیاتی پیچیدگی کا شکار ہو گئی۔ریم البیات اس سے پہلے دو فلمیں ’ظلال‘اور’دمیہ‘پیش کر چکی ہیں ،جن میں کم سن بچیوں کی شادی کو موضوع بحث بنایا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بعض دستاویزی فلمیں بھی تیار کیں۔ریم البیات 1982میں سعودی عرب کے شہر قطیف میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2005اور 2008میں برطانیہ سے فوٹو گرافی اور سنیما ہدایت کاری کی تربیت حاصل کی۔ ان کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والی کئی دستاویزی فلموں کو بین الاقوامی مقابلوں میں نامزد کیا گیا۔