مودی حکومت کا بڑا داؤ، این آر آئی کو ملے گا ووٹ دینے کا حق
نئی دہلی،11؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مرکز میں حکومت بنانے کے بعد سے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے رجحانات بیرون ملک آباد ہندوستانی کمیونٹی کی جانب رہا ہے۔اپنے تقریباََہربیرون دورے پر وہاں آباد بھارتی کمیونٹی سے خطاب کرتے رہے ہیں۔ہندوستان سے باہر بھی ان کی مقبولیت کے پیچھے ان این آر آئی ہندوستانیوں کا اہم تعاون رہا ہے۔اب مودی سرکار اس غیر رہائشی بھارتی کمیونٹی کی توجہ مبذول کرنے کی جانب بڑا داؤ چلنے کی تیاری میں ہے اور جلد ہی ان این آر آئی کو لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق مل سکتاہے۔مرکزی حکومت نے جمعہ کو چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی سپریم کورٹ کی ایک بنچ سے کہا کہ وہ این آر آئی ہندوستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کو عوامی نمائندگی ایکٹ (آر پی اے)میں ترمیم کرنے کی تجویز دی ہے اور آئندہ سرمائی اجلاس کے دوران وہ اس سلسلے میں ایک بل پیش کرنے پر غور کر رہی ہے۔