سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس ،جے ڈی ایس کے درمیان اتفاق نہ ہوسکا گفتگو صحیح سمت میں جاری ہے۔ 10؍مارچ تک حتمی فیصلہ ہوجائے گا : سدارامیا

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 5th March 2019, 11:38 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،5؍مارچ (ایس او نیوز) آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے ریاست کرناٹک میں مخلوط حکومت میں ساجھیدار کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر آج دوسرے راؤنڈ کے اجلاس میں بھی اتفاق نہیں ہوسکا۔ حالانکہ کانگریس لیڈر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت صحیح سمت میں جاری ہے ۔ آج کے اجلاس میں سیٹوں کی تقسیم سے متعلق کوئی بھی نتیجہ برآمد نہ ہونے کی وجہ سے دونوں پارٹیوں نے دوبارہ ملاقات کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اجلاس کے بعد اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اورکرناٹک میں پارٹی معاملوں کے انچارج کے سی وینوگوپال نے اخباری کانفرنس میں کہاکہ سیٹوں کی تقسیم پر گفتگو ابھی ادھوری ہے، ہم پھر سے ملاقات کریں گے۔ پہلے راؤنڈ کی رسمی گفتگو کے دوران جے ڈی ایس نے ریاست میں لوک سبھا کی 28؍سیٹوں میں سے 12؍پر چناؤ لڑنے کی خواہش ظاہرکی تھی لیکن پارٹی کے سربراہ وسابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کل اتوار کے دن یہ اشارہ دیا تھا کہ اس معاملہ میں ان کی پارٹی سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ سدارامیا نے کہاکہ گفتگو درست سمت میں جاری ہے۔ جے ڈی ایس کم از کم 12؍سیٹوں پر چناؤ لڑنا چاہتی ہے۔ حالانکہ آج کی ملاقات میں حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔10؍مارچ سے پہلے یہ طے ہوجائے گا کہ کونسی پارٹی کتنے اور کن کن سیٹوں پر چناؤ لڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر دونوں پارٹیاں مل کر چناؤ لڑتی ہیں تو ہم کم از کم 20؍سیٹیں جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج کی بیٹھک میں ہم نے ہر اس سیٹ پر کافی غور وخوض کیا ہے جس پر جے ڈی ایس رہنما چناؤ لڑنا چاہتے ہیں۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور جے ڈی ایس کے قومی سکریٹری جنرل وپارٹی ترجمان دانش علی، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ ،کے پی سی سی کے کارگزار صدر ایشورکھنڈرے نے بھی شرکت کی۔ اطلاع کے مطابق جے ڈی ایس جن 12؍سیٹوں کا مطالبہ کررہی ہے ان سیٹوں پر مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ناموں کی فہرست بھی پیش کی ہے۔ سدارامیا نے بتایا کہ ہم نے اب تک حلقوں اور امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ عنقریب اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ 

منڈیا حلقہ: منڈیا لوک سبھا سیٹ دونوں پارٹیوں کے درمیان حلق کا کانٹا بنا ہواہے۔ جے ڈی ایس نے اس حلقہ سے دیوے گوڑا کے پوتے اورکمار سوامی کے بیٹے نکھل کمار کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ منڈیا حلقہ وکلیگا کا گڑھ ہے۔ اس حلقہ میں وکلیگا طبقہ کی کثیر آبادی ہے۔ دوسری جانب کنڑا فلموں کے نامور اداکار امبریش کی بیوہ و اداکارہ سمالتا بھی اس حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر چناؤ لڑنے کی خواہشمند ہے۔ سدارامیا سے پوچھاگیا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان حلقوں کی فہرست پر حتمی فیصلہ ہونے سے قبل ہی نکھل کمار سوامی منڈیا سے چناؤ لڑنے تیار ہوگئے ہیں۔ اس پر سدارامیا نے کہاکہ ہم ٹکٹ صرف کامیاب ہونے والے امیدواروں کو دیں گے۔ دانش علی نے بتایاکہ سیٹوں کی تقسیم پر مزید گفتگو کی ضرورت ہے۔ لیکن اس معاملہ پر حتمی فیصلہ دیوے گوڑا اور راہل گاندھی کے درمیان ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔ سیٹوں کی تقسیم کا معاملہ دونوں پارٹیوں کے لئے سخت امتحان ہے۔ کانگریس کا یہ کہنا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ کانگریس پر اپنی پارٹی لیڈروں کا بھی یہ دباؤ ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملہ میں جے ڈی ایس کے آگے زیادہ جھکا نہ جائے۔ اولڈ میسور علاقہ میں بھی سیٹوں کی تقسیم دونوں پارٹیوں کے لئے سردرد بنا ہواہے۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بینگلورو : لیڈر آف اپوزیش آر اشوک نے کہا : پرجول ریونا انتخاب جیت گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی

کرناٹکا کے لیڈر آف اپوزیشن اور بی جے پی کے اہم لیڈر آر اشوک نے کہا کہ اگر جنسی اسکینڈل کے ملزم ہاسن حلقے سے این ڈی اے کا امیدوار پرجول ریونّا  اگر الیکشن جیت جاتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور اسے معطل کیا جائے گا ۔

گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت -  5 اضلاع میں ریڈ الرٹ - 14 اضلاع میں آرینج الرٹ 

ریاست میں گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت اور بعض مقامات پر پارہ 42 سے 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کے بعد کرناٹکا اسٹیٹ ڈیسیاسٹر مونیٹرنگ سینٹر (کے ایس این ڈی ایم سی) نے 9 مئی تک کے لئے پانچ اضلاع میں ریڈ الرٹ اور 14 اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا ہے ۔

پرجول ریونّا معاملہ: کانگریس نے پی ایم مودی اور امت شاہ سے پوچھے 10 سوالات، بی جے پی پر لگائے سنگین الزامات

کرناٹک میں این ڈی اے امیدوار اور ہاسن سے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا سے متعلق جنسی اسکینڈل تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ کانگریس نے اس معاملے میں پی ایم مودی اور بی جے پی کے خلاف زوردار انداز میں محاذ کھول رکھا ہے۔ کانگریس لیڈران لگاتار حملہ آور نظر آ رہے ہیں اور خصوصی طور پر پی ...

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے اتنخابی مہم ختم، کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12 ریاستوں کی 94 لوک سبھا سیٹوں کیلئے کل ہوگی ووٹنگ

  لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا شور اتوار کی شام پانچ بجے تھم گیا۔الیکشن کمیشن تیسرے مرحلے کی پولنگ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے ۔ انتخابی ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

مودی پرجول ریونّا کو ملک واپس لا کرکرناٹک سرکار کو سونپیں ، مہیلا کانگریس کا مطالبہ

پرجو َل ریونّا ج کے ذریعہ سیکڑوں  خواتین کے جنسی استحصال کےمعاملے میں  مرکزی حکومت کو گھیرتے ہوئے اتوار کو مہیلا کانگریس نے وزیراعظم مودی سےمطالبہ کیا کہ وہ اپنی اتحادی پارٹی کے لیڈر اور رکن پارلیمان کو جرمنی سے ملک واپس لائیں اور ریاستی حکومت کو سونپیں۔

بی جے پی کا منافرت سے پُر ویڈیو، کمیشن میں شکایت، ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقہ کو مسلمانوں کیخلاف بھڑکانے کی کوشش

کانگریس نے کرناٹک میں  بی جےپی کے ذریعہ جاری کئے گئے اس ویڈیو کے خلاف اتوار کوالیکشن کمیشن میں   شکایت درج کرادی ہے جس میں  ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی گئی ہے۔ حیرت انگیز طور پر یہ ویڈیو سنیچر کو جاری کیا گیا تھا جس پراسی وقت سے سوشل میڈیا پر ...