ہریانہ:ایمبولینسوں کا راستہ روکنے کی وجہ سے مریض کی موت، بی جے پی لیڈر پر الزام
فتح آباد،7؍اگست(ایس نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہریانہ کے فتح آباد میں ایمبولینسوں کا راستہ روکنے کی وجہ سے ایک مریض کی موت ہو گئی۔الزام بی جے پی لیڈر اور سٹی کونسل کے سربراہ درشن ناگپال پر ہے۔مہلوک کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈر نے آدھے گھنٹے تک ایمبولینسوں کو روکے رکھا جس سے مریض کی طبیعت بگڑ گئی اور ہسپتال پہنچتے ہی اس کی موت ہوگئی۔ناراض رشتہ داروں نے ملزم بی جے پی لیڈر کے خلاف تھانے میں تحریری شکایت دی ہے۔ادھر ملزم کا کہنا ہے کہ ایمبولینسوں نے ان کی کار میں ٹکر مار دی، لیکن ایمبولینسوں میں مریض ہونے کی وجہ سے انہوں نے ایمبولینسوں کو نہیں روکا۔ملزم کی جانب سے بھی تھانے میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔غور طلب ہے کہ ہریانہ بی جے پی کے صدر سبھاش برالا کے بیٹے وکاس برالا کے خلاف چھیڑھانی کے الزام کا معاملہ بھی طول پکڑتا جا رہا ہے۔کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ اس واقعہ سے منسلک پانچ سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج غائب ہیں۔وہیں ہریانہ بی جے پی کے صدر کے بیٹے اور اس کے ایک ساتھی کو تھانے ہی ضمانت دئے جانے اور اس معاملے میں اغوا کی دفعات نہ لگائے جانے پر سوال اٹھ رہے ہیں،اگرچہ اس معاملے میں ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے کہا ہے کہ اسے ذاتی کیس کی طرح نظر آنا چاہئے، ہریانہ بی جے پی کے صدر سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔