مناسکِ حج کے پہلے روز عازمین منی کی جانب رواں دواں
ریاض،30؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں آج 8ذوالحجہ اور مناسکِ حج کا پہلا روز ہے۔ اس موقع پر تمام عازمینِ حج مِنی کا رخ کر رہے ہیں جہاں وہ ’’یومِ ترویہ‘‘گزا ریں گے۔ اس کے بعد کل جمعرات کو فجر کے بعد سے عازمین میدان عرفات کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ حج کا رکن اعظم ادا کریں گے۔سعودی حکام نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ بیس لاکھ سے زیادہ عازمین رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پہنچے ہیں۔ اس موقع پر ریاست کے متعلقہ مختلف سکیورٹی اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں تا کہ عازمین حج کی سلامتی اور ان کی جانب سے سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔سعودی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا 4لاکھ سے زیادہ عازمین کو حج کا اجازت نامہ حاصل نہ کرنے کے سبب ان کے ملکوں کو واپس لوٹا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق عازمین حج میں 50فیصد نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کر لی جب کہ دیگر 50فیصدمناسک حج کے بعد مسجد نبوی کا رخ کریں گے۔