نوئیڈا میں پولیس انکاؤنٹر میں انعامی بدمعاش ہلاک
نوئیڈا 20فروری( آئی این ایس انڈیا ) ضلع کے تھانہ کاسنہ علاقے کے اومی کرن سیکٹر کے پاس گزشتہ رات پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان انکاؤنٹر میں گولی لگنے سے ایک انعامی بدمعاش کی موت ہو گئی۔بدمعاشوں کی طرف سے چلائی گئی گولی سے ایک سپاہی بھی زخمی ہوا ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ لو کمار نے بتایا کہ گزشتہ رات پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ بدمعاش مجرمانہ واردات کو انجام دینے کے لئے گریٹر نوئیڈا میں آئے ہیں۔ معلومات پر کاسنہ پولیس نے چیکنگ شروع کی۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو پولیس نے شک ہونے پر رکنے کا اشارہ کیا۔ اس پر بدمعاشوں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، پولیس کی گولی لگنے سے ایک بدمعاش زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر بھاگ نکلا۔افسر نے بتایا کہ زخمی بدمعاش کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ ہلاک بدمعاش سنجے پر 25 ہزار روپے کا انعام کا اعلان تھا۔ وہ ہریانہ کے کرنال ضلع کا رہنے والا تھا اور قتل اور لوٹ کے بہت سے معاملات میں مطلوب تھا۔ اس بدمعاش نے چار دن پہلے گریٹر نوئیڈا میں رہنے والے ایک بی جے پی لیڈر سے فون پر 50 لاکھ روپے کی رنگداری بھی مانگی تھی۔