دابھولکر قتل معاملہ: جلگاؤں سے گیراج مالک گرفتار
ممبئی،07؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے سرخیوں میں چھائے دابھولکر قتل معاملہ میں ریاستی اے ٹی ایس نے جمعرات کی شب جلگاؤں ضلع میں واقع یاول سے گیراج مالک وشا ل عرف سکھدیو بھگوان سوریہ ونشی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اے ٹی ایس نے سوریہ ونشی کے گھر کی تلاشی لی اور کاغذات برآمد کئے ہیں۔معلومات کے مطابق اندھ شردھانرمولن سمیتی کے بانی ڈاکٹر نریندر دابھولکر کاقتل 20 اگست 2013 کو نامعلوم حملہ آوروں نے پنے میں کیا تھا۔اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی اے ٹی ایس نے گزشتہ رات یاول واقع گیراج کے مالک وشال سوریہ ونشی کو گرفتار کیا ہے۔ وشال بنیادی طور پر مکتائی نگر کا باشندہ ہے اور اس کے والد گزر چکے ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں سے وہ اپنی والدہ اور دادی کے ساتھ یاول میں رہتا ہے۔ گزشتہ رات یہاں اے ٹی ایس کی دو ٹیم آئی تھی اور گھر کی دو گھنٹے تک تلاشی لی۔بعد میں وشال کو گرفتار کر لیا۔ اس معاملہ میں، سی بی آئی نے امول کالے اور شردکلسکر سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اے ٹی ایس کو ملی خفیہ معلومات کی بنیاد پر اے ٹی ایس نے وشال کوگرفتار کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ دابھولکر قتل میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل کے تار وشال سے ہی جڑے ہیں۔ اے ٹی ایس نے اس معاملہ میں کچھ بھی بولنے سے فی الحال انکار کیا ہے۔