لکھنو 10/جون (ایس او نیوز) اُترپردیش کے دسویں بورڈ امتحان میں امتیازی نمبرا ت کے ساتھ ٹاپ کرنے والے طالب العلم کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملا ہوا چیک باونس ہوگیا ہے۔ جس کے بعد بینک نے مذکورہ طالب علم سے جرمانہ لے لیا ہے۔ مذکورہ معاملہ اتر پردیش کے بارہ بنکی میں پیش آیا ہے ۔ بارہ بنکی کے ینگ اسٹریم انٹر کالیج میں پڑھنے والے آلوک مشرانے 10ویں میں 93.5 فیصد نمبرات حاصل کر کے ضلع میں ٹاپ کیا تھا۔ وہیں پورے صوبہ میں وہ ساتویں درجہ پرتھا۔
ضلع میں ٹاپ کرنے پر انہیں 29 مئی کو لکھنو بلایا گیا تھا جہاں وزیر اعلیٰ یوگی نے انہیں ایک لاکھ کا چیک دیا۔ اس چیک پر بارہ بنکی کے ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکول ، راج کمار یادو کے دستخط تھے۔ واضح رہےکہ آلوک کے والد نے لکھنو کے حضرت گنج میں واقع بینک میں 5 جون 2018 کو چیک جمع کیا تھا۔ جب پیسہ آلوک کے اکاونٹ میں جمع نہیں ہوئے تو انہوں نے بینک سے رابطہ کیا تب معلوم ہوا کہ چیک باونس ہو گیاہے۔
اس تعلق سے راج کمار یادو نے بتایا کہ بینک کے ذریعے اُنہیں بتایا گیا ہے کہ دستخط میں کچھ غلطی ہونے کی وجہ سے چیک باونس ہوا ہے، لیکن دوسرے کسی طلبا کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ طالب علم کواب دوسرا چیک جاری کر دیا گیا ہے۔ بارہ بنکی کے ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ ادے بھانو سے پوچھے جانے پر انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ بے حد سنگین ہیں ، اگر غلطی پائی جاتی ہے تو کاروائی ہوگی۔