بجنور میں ایک مسلم لڑکی کی عزت لوٹنے کا واقعہ انتہائی شرمناک: عظمیٰ ناہید
ممبئی،یکم جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آل انڈیامسلم مجلس مشاورت کی نائب صدر عظمیٰ ناہید نے آج اپنے بیان میں کہا کہ بجنور میں ایک خاتون کے ساتھ جوواقعہ ہوا وہ انتہائی شرمناک ہے۔ اس سے زیادہ شرمناک پولس کا رویہ ہے کہ اس کی تصویر نام کے ساتھ عام کر دی گئی تاکہ لڑکی اوراس کے خاندان کی رسوائی بھی ہو۔ لڑکی نے کہا کہ مجرم انسان نہیں درندے تھے۔ لیکن سچ پوچھئے تو درندوں کے بھی کچھ فطری اصول ہوتے ہیں، یہ لوگ ان سے بھی بد تر ہیں۔ افسوس اس بات پر ہے کہ اس طرح کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ حیرت اس بات پر ہے کہ مذہبی لبادے میں ملبوس وزیر اعلیٰ اگر ایک لڑکی کو انصاف دلانے میں ناکام ہیں تو بڑے معاملات میں ان سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے۔ یہ بھی سنا جا رہا ہے کہ اس لڑکی سے اسپتال میں کسی کوملنے بھی نہیں دیاجا رہاہے اور یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ چیک اپ چل رہا ہے۔ اس واقعے کی پر زور مذمت ہونی چاہئیے اور ساتھ ہی یو پی کے وزیر اعلیٰ کو ان کی ذمے داری بھی یاد دلانی چاہئیے کہ صوبے کے عوام خصوصاً خواتین کی جان و مال ہی نہیں عزت و آبروکی حفاظت بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ریاست کے نظم و ضبط میں بہتری لانے کے لئے مجرم عناصر کی سختی کے ساتھ سر کوبی کی جائے ،مجرموں کوسخت سزا اورعوام کوانصاف دلوانا بھی حکومت ہی کا فرض ہے۔