بھٹکل رکن اسمبلی سُنیل نائک کا اچانک بھٹکل اسپتال دورہ؛ اسٹاف کو لیا آڑے ہاتھ؛ سرکاری اسپتال کو ضلع کے سب سے بہترین اسپتال میں منتقل کرنے کا کیا عزم

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st June 2018, 6:41 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے نو منتخب رکن اسمبلی  سُنیل نائک نے آج جمعہ کو اچانک سرکاری اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور اسپتال کے اسٹاف کو حیران کردیا۔  اسپتال پہنچ کر انچارج ڈاکٹر دیناکر سے ملاقات کرتے ہوئے تمام صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اسپتال میں صاف صفائی نہ ہونے کو لے کر انہوں نے اسٹاف کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے ٹوائلٹ میں صاف صفائی نہ ہونے کو لے کر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ 

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی دیر شب کسی نے رکن اسمبلی کو خبر کی تھی کہ حادثے میں زخمی مریض کو دیکھنے کے لئے  اسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر غیر حاضر ہے۔ اسی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے ایم ایل اے نے آج اچانک دورہ کیا تھا۔ 

ایم ایل اے نے رات کو ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹر کو غیر حاضر ہونے اور کافی تاخیرسے اسپتال پہنچنے  پر اُن کی خوب  خبر لی اور انچارج ڈاکٹر سے اس تعلق سے اگلی کاروائی کے متعلق  تبادلہ خیال کیا۔

مریضوں کے رشتہ داروں نے ایم ایل اے کو بتایا  کہ  اسپتال میں چلڈرن کا ماہر ڈاکٹر نہیں ہے، ہڈیوں کا ڈاکٹر اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتا ہے، ڈیالوسس سینٹر میں نئے مریضوں کی بھرتی نہیں کی جارہی ہے۔ پہلے روٹری کلب کے ذریعے ڈیالوسس سنٹر چلایاجارہا تھااب سرکاری اسپتال کے ذریعے بی آر ایس کمپنی کو  کام سونپا گیا ہے اور جن مریضوں کو روٹری کلب کے ذریعے  ڈیالوسس کیاجارہا تھا، اُن ہی مریضوں کا  ڈیالوسس کیاجاتا ہے۔

 ایم ایل نے ہوناور کے چلڈرن اسپیشلسٹ کو عارضی طور پر بھٹکل میں بھی اپنی خدمات فراہم کرنے  فون کے ذریعے ہدایت دی۔ ڈیالوسس سینٹر کے تعلق سے  اسپتال کے ذمہ داران نے بتایا کہ یہاں صرف دو مشینیں  ہیں، ایک مشین پر ڈیالوسس کرنے پر چار گھنٹے صرف ہوتے ہیں، اس مناسبت سے ہر روز چھ مریضوں کا ہی علاج ممکن ہے۔  فوری کاروائی کرتے ہوئے سنیل نائک نے بی آر ایس کمپنی کے ذمہ داران سے فون پر بات چیت کی اور اُنہیں ہدایت دی کہ بھٹکل اسپتال میں ایک اور ڈیالوسس مشین نصب کرے اورنئے مریضوں کا بھی ڈیالوسس کرے۔

جب اُنہیں بتایا گیا کہ اسپتال میں کوئی سیکوریٹی اہلکار نہیں ہے، راتوں کے اوقات میں اسپتال میں مریضوں کو بھرتی کرنے میں دشواری ہوتی ہے، ریسپشن پر صرف دن کے اوقات میں لیڈی اسٹاف موجود رہتی ہے، بعد میں وہاں کوئی نہیں رہتا اس لئے بہت سارے مسائل ہیں، اسی طرح بھٹکل اسپتال میں ابھی تک آئی سی یو کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہے، حالانکہ کمٹہ اور دیگر تعلقہ جات میں آئی سی یو کی شروعات ہوچکی ہے اس تعلق سے  انچارج ڈاکٹر نے  بتایا کہ  اسپتال میں جملہ 64 اسٹاف کی ضرورت ہے، مگر صرف 20 اسٹاف کی مدد سے اسپتال کو چلایاجارہا ہے۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان ایم ایل اے سُنیل نائک نے پرعزم لہجے میں بتایا کہ وہ اس سرکاری اسپتال کو ضلع بھر کا  بہترین اسپتال بنائیں گے اور یہاں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے اسے  ہائی ٹیک اسپتال میں منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو اب نئی عمارت میں منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔  صفائی ستھرائی  پر پوری توجہ دی جائے گی۔ ڈاکٹروں کی لاپرواہی کو آئندہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس اسپتال کو اس قابل بنایا جائے گا کہ عام عوام اس سے بھرپور فائدہ اُٹھاسکیں اور بالخصوص حادثوں کے موقع پر مریضوں کو اسی اسپتال میں علاج کی سہولت ہو۔

اس موقع پر بی جے پی صدر راجیش نائک سمیت بی جےپی کے کافی ممبران موجود تھے۔ اسپتال میں انچارج ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ دیگر ڈاکٹرس بھی موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایس ایس ایل سی نتائج؛95.63 فیصد کامیابی کی شرح کے ساتھ ضلع میں بھٹکل کو ملا دوسرا مقام؛ بھٹکل کے ٹاپ فائیو میں انجمن کی تین طالبات شامل

کرناٹک سیکنڈری ایجوکیشن ایگزامینیشن بورڈ (کے ایس ای ای بی) نے جمعرات کو سال 2023-24 کے  ایس ایس ایل سی امتحان کے نتائج کا اعلان کیا جس میں بھٹکل تعلقہ کا مجموعی کامیابی کی شرح  95.63  درج کی گئی ہے۔ بھٹکل میں لڑکیوں نے پھر ایک بار شاندار کامیابی  کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے  لڑکوں پر ...

قطر میں مقیم بھٹکلی طالب علم کی ماس کمیونیکشن میں نمایاں کامیابی

قطر میں مقیم بھٹکل کارگیدے کے رہائشی مولانا فضیل احمد ارمار ندوی کے فرزند حافظ احمد عویمر ارمار نے قطر یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جس کے نتیجے میں انہیں ایک پروقار تقریب میں امیر قطر شیخ تمیم بن احمد الثانی کے ہاتھوں ایک میمنٹو اور تہنیتی خط پیش ...

بھٹکل کے شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ کا انوکھا ٹورنامنٹ؛ جمعرات کوہوگا فائنل

ادارہ ادب اطفال کی جانب سے بھٹکل میں گذشتہ دس روز سے جاری  شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ  جمعرات کو اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اس انوکھے ٹورنامنٹ میں  شبینہ مکاتب کی چالیس ٹیمیں شریک ہوئی  تھیں جس میں سے چار ٹیمیں مسجد رحمانیہ شراالی،  عثمانیہ مسجد نوائط کالونی، ...