ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج : ریاستی سطح پر کامیابی کی مجموعی شرح 73.40 فیصد - اڈپی ضلع اول نمبر - دکشن کنڑا دوسرے مقام پر
بینگلورو 9 / مئی (ایس او نیوز) تعلیمی سال 2023-24 کے کرناٹکا سیکنڈری اسکول لیونگ سرٹفکیٹ (ایس ایس ایل سی) امتحانات کے نتائج کا اعلان ہوگیا ہے جس کا مجموعی اوسط 73.40 فیصد رہا ۔
امسال کے نتائج میں اڈپی ضلع نے 94 فیصد اول اور دکشن کنڑا نے 92.12 فیصد کامیابی کی شرح کے ساتھ دوم مقام حاصل کیا ۔ شیموگہ 88.67 تیسرے ، کوڈاگو 88.67 چوتھے اور اتر کنڑا ضلع 86.54 فی صد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا ۔ کامیابی کے مجموعی فیصد اعتبار سے 50.59 فیصد کے ساتھ یادگیر ضلع سب سے آخری درجے پر رہا ۔ سرسی تعلیمی ضلع کے مجموعی نتائج 84.64 فیصد رہے ۔
بورڈ کے صدر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق امسال ایس ایس ایل سی کے امتحانات 25 مارچ سے 6 اپریل تک منعقد کیے گئے تھے جس میں 8.69 لاکھ طلبہ نے شرکت کی تھی ۔
باگلکوٹ ضلع کی طالبہ انکیتا نے 625/625 یعنی صد فی صد مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر اول مقام حاصل کیا ہے ۔ جبکہ ضلع اتر کنڑا سرسی کے درشن، چینمیا اور شری رام نے 624/625 مارکس کے ساتھ ریاستی سطح پر دوسرا رینک حاصل کیا ہے ۔
امتحانات کے تفصیلی نتائج کو کرناٹکا اسکولس ایگزامنیشن اینڈ ایسسمنٹ بورڈ کی ویب سائٹ https://karresults.nic.in پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے ۔