اوپن اسکول امتحان دینے والے طالب علموں کے لئے لازمی ہوگا آدھار کارڈ
نئی دہلی،22اگست(ایس او نیوز/آئی ا ین ایس انڈیا)اوپن اسکول میں امتحان دینے والوں کے لئے اب آدھار کارڈ لازمی ہوگا تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی امیدوار کی جگہ کوئی دوسرا شخص امتحان میں نہیں بیٹھے۔نیشنل اوپن اسکول (این آئی اوایس)کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت سے منظوری ملنے کے بعد این آئی او ایس نے اگلے امتحان میں پیش ہونے والے امیدواروں کے لئے آدھار لازمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔این آئی او ایس کے اہلکار نے کہا کہ مارچ میں ہوئے امتحان میں تحقیقاتی ٹیموں نے جعلی امیدوار پائے جو دوسرے طالب علموں کی جگہ امتحان دے رہے تھے۔اس چلن پر روک لگانے کے لئے آدھار لازمی کر دیا گیا ہے۔افسر نے کہا کہ امتحان مراکز پرا سکینر مشینیں بھی لگائی جائیں گی اور جن طالب علموں کے انگوٹھے کے نشانات موجودہ اعداد و شمار سے ملیں گے، صرف انہیں ہی امتحان دینے کی منظوری دے دی جائے گی۔1989میں قائم این آئی او ایس بہت اہم اوپن اسکول شمارکیاجاتاہے۔