ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش برفباری سے تباہی، ٹریکنگ پر گئے 35 آئی آئی ٹی طلبہ سمیت 45 لوگ لاپتہ
شملہ،24 ستمبر (ایس او نیوز)ہماچل پردیش میں زبردست بارش کے سبب لاہول-اسپتی میں ٹریکنگ کے لئے گئے 45 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ان میں آئی آئی ٹی (رڑکی) کے 35 طلبہ بھی شامل ہیں۔ قابل غور ہے کہ ہماچل پردیش کے متعدد حصوں میں گزشتہ دو تین دن سے زبردست بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے کافی نقصان ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں زیادہ اونچائی والے علاقوں میں برفباری بھی ہوئی ہے۔
گمشدہ لوگوں میں شامل ایک طالب علم انکت بھاٹی کے والد راجویر سنگھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ وہ سبھی ہمپتا پاس کے لئے ٹریکنگ پر گئے تھے اور انہیں منالی لوٹنا تھا، لیکن ان سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق، لاہول -اسپتی گھومنے گئے 8 لوگوں کا ایک گروپ بھی لاپتہ ہو گیا ہے۔ ان میں برونئی کی ایک خاتون سنجیدہ طوبی، نیدرلینڈ کے اے بی لم اور 6 ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ اس گروپ کے گمشدہ ہونے والے ہندوستانیوں کے نام پرینکا وورا، پایل دیسائی، دیپیکا، دویا اگروال، ابھینو چندیل اور اشوک ہیں۔