رواں سال 30فی صد اضافی حجاج کرام کی آمد متوقع،سیکیورٹی سکواڈ میں خواتین، چھ زبانوں کے ماہرین شامل
ریاض،28اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں دُنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے 1,705,181عازمین پہنچ چکے ہیں۔ عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس بار حج کے موقع پر گذشتہ برس کی نسبت 30فی صد اضافہ متوقع ہے۔ ٹیم نے مسجد حرام اور مکہ مکرمہ پہنچنے والے عازمین حج کا جائزہ لیا ہے۔ اس دوران سعودی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک سے عازمین حج کے مملکت میں داخلے کے لیے بری، بحری اور فضائی راستے کھلے ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت نے عازمین حج کے لیے تمام انتظامات بالخصوص سیکیورٹی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس بار عازمین حج کی سیکیورٹی پر پہلی مرتبہ خواتین اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ حجاج سے براہ راست رابطے کے لیے چھ زبانوں کے ماہرین بھی مقررکیے گئے ہیں۔