1000روپے کے نوٹ چھاپنے کا کوئی منصوبہ نہیں، 500کے نوٹ بڑھائے جائیں گے:حکومت
نئی دہلی، 22؍فروری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )8؍نومبر کو وزیر اعظم مودی کے نوٹ بند ی کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں 500اور 2000روپے کے نئے نوٹ لائے گئے۔نوٹ بندی کے اعلان کے تحت بلیک منی پر لگام کے لیے 1000روپے کے پرانے نوٹ بند کر دئیے گئے تھے۔اب حکومت کی جانب سے یہ صاف کر دیاگیا ہے کہ 1000روپے کے نئے نوٹ لانے کا اس کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،بلکہ وہ زیادہ سے زیادہ 500روپے کے نئے نوٹ چھاپے گی۔یہ بات اقتصادی امور کے سکریٹری شکتی کانت داس نے آج ٹوئٹرکے ذریعے کہی۔غورطلب ہے کہ اس دوران قیاس آرائیاں لگائی جانے لگی تھیں کہ حکومت ایک ہزار روپے کے نئے نوٹ بازار میں لائے گی اور اسے چھاپنے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، شکتی کانت داس کے اس ٹوئٹ کے بعد ان افواہوں پرروک لگ گئی ہے۔ٹوئٹ کے ذریعے شکتی کانت داس نے کہا ہے کہ حکومت کاد ھیان 500روپے اور اس سے کم قیمت کے نوٹوں کو زیادہ سے زیادہ چھاپے جانے پر ہے۔داس نے کہا کہ اے ٹی ایم میں کم پیسے کی شکایت کو ہم دورکررہے ہیں۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ضرورت کے مطابق ہی پیسہ نکالیں اور بہت زیادہ نہ نکالیں ،کیونکہ اس سے لوگوں کوپریشانی ہو رہی ہے۔معلوم ہو کہ اے ٹی ایم اور بینکوں کے باہر 8؍نومبر کے بعد سے لگ رہی لمبی لمبی لائنیں اب چھوٹی ضرور ہوئی ہیں لیکن کیش کی قلت کا مسئلہ اب بھی ایک حد تک برقرار ہے۔