
بھٹکل، 19 مئی (ایس او نیوز): شمالی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی)ایم نارائن کو سال 2024-25 کے لیے ڈی جی پی ستائشی تمغہ (DGP Commendation Disc) سے نوازا جائے گا۔ یہ باوقار اعزاز 21 مئی کو بینگلورو میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ضلع اُترکنڑا کے انکولہ سے تعلق رکھنے والی انجو مالا ٹی نائک، جو اس وقت بنگلورو میں محکمہ سی آئی ڈی میں ڈپٹی ایس پی (DySP) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، کو بھی اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اسی طرح رام نگر پولیس تھانے کے پولیس سب انسپکٹر (PSI) بسوراج مبنور کو بھی ڈی جی پی ستائشی تمغہ سے سرفراز کیا جائے گا۔
یہ اعزاز پولیس اہلکاروں کو ان کی فرض شناسی، ایمانداری اور محکمہ پولیس کے تئیں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ یہ تمغہ صرف ایک مرتبہ دیا جاتا ہے اور اس کا اطلاق سینیئر اور جونئیر دونوں سطح کے افسران پر ہوتا ہے۔
اس سال اعزاز پانے والوں میں پڑوسی ضلع اُڈپی کے ڈاکٹر کے. ارون کا نام بھی شامل ہے۔ دیگر منتخب پولیس اہلکاروں میں ملپے کوسٹل سیکیوریٹی پولیس کی سب انسپکٹر وائلیٹ فیمینا، کنداپور ٹریفک پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل گرو داس، اور آرمڈ ریزرو کے ہیڈ کانسٹیبل سنتوش شامل ہیں۔
ڈی جی پی ستائشی تمغہ کو محکمہ پولیس کا ایک باوقار اور حوصلہ افزا اعزاز تصور کیا جاتا ہے، جو اہلکاروں کی بے لوث خدمات کا عملی اعتراف ہے۔