کل بھارت جوڑو یاترا کا تھا تاریخی دن: جے رام رمیش
میسورو، 3؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بھارت جوڑو یاترا پر بی جے پی کے تبصرے شروع دن سے رہے ہیں کہ جب یہ یاترا تمل ناڈو اور کیرالہ سے باہر دوسرے صوبوں میں داخل ہو گی تو اس کی مقبولیت کا سب کو اندازہ ہو جائے گا۔ کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے بتایا کہ تمل ناڈو اور کیرالہ میں کامیاب رہی اس یاترا کو کرناٹک میں داخل ہوئے تین دن ہو گئے ہیں اور تین دن میں بی جے پی کے برسر اقتدار اس صوبے میں یاترا کو لے کر عوام میں جو جوش و خروش نظر آ رہا ہے وہ دیکھتے ہی بنتا ہے۔
جے رام رمیش نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ کل یعنی بھارت جوڑو یاترا کے 25 ویں دن یاتری میسور میں تھے جہاں زبردست بارش ہو رہی تھی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ کل کا دن بھارت جوڑو یاترا کا تاریخی دن تھا کیونکہ موسلا دھار بارش میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوگوں سے خطاب کیا اور سب سے بڑی بات یہ کہ لوگوں کی بڑی تعداد جو بھارت جوڑو یاترا میں شریک تھے، انہوں نے اسی بارش میں راہل گاندھی کا خطاب سنا۔ انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش بھی لوگوں کے جذبے کو کم نہیں کر پائی۔
جے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی بھارت جوڑو یاترا سے بہت پریشان ہے اور اس کو سمجھ میں نہیں آ رہا کہ وہ اس کی بڑھتی مقبولیت کا سامنا کیسے کرے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل اور پرسوں تیوہار کی وجہ سے یاتریوں کے لئے آ رام کا دن ہے اور کانگریس صدر سونیا گاندھی اس یاترا میں تھوڑے وقت کے لئے 6 اکتوبر کو شریک ہوں گی۔