ایل اوسی پر پاکستان کی فائرنگ میں ایک جوان شہید، کشمیر میں 3 جگہ تصادم
سرینگر،21مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہولی کے تہوار پر جہاں مکمل ہندوستان جشن منا رہا ہے، وہیں پاکستان خوشی کے اس موقع پر بھی اپنی حرکت سے باز نہیں آ رہا ہے۔ایک طرف جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن (ایل اوسی) پر پاکستانی جوانوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس میں ایک ہندوستانی فوج کا جوان شہید ہو گیا ہے۔دوسری طرف بارہمولہ، سوپور اور بانڈی پورہ میں دہشت گردوں سے حفاظتی دستوں کی تصادم چل رہا ہے۔سوپور میں دہشت گردوں کے دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔شمالی کشمیر کے سوپور میں رفیع آبادکے وارپورا علاقے میں ایک دستی بم حملے میں ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے،دہشت گردوں نے یہ گرینیڈ حملہ اس وقت کیا جب علاقے میں ایک سرچ مہم چل رہی تھی،اس کے کچھ منٹ بعد ہی سوپور قصبے میں بھی دہشت گردوں نے سی آر پی ایف کے ایک کیمپ پر دھاوا بول دیا، لیکن اس گرینیڈ حملے میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔حملے کے بعد پورے علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ کچھ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے وارپورا علاقے کو گھیر لیا اور تلاشی مہم چلائی۔
سوپور کے وارپورا کے علاوہ بارہمولہ کے کلترا اور بانڈی پورہ کے کاجن میں بھی دہشت گردوں سے حفاظتی دستوں کی تصادم ہوا۔بارہمولہ کے ایس ایس پی عبدالقیوم نے بتایا کہ کالاترا میں جمعرات کی صبح سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے تصادم ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے بارے میں معلومات حاصل ہونے کے بعد بدھ کی شام سرچ آپریشن چلایا گیا تھا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے بدھ کو آپریشن روک دیا گیا۔اس کے بعد صبح کے وقت دہشت گردوں سے سکیورٹی کا سامنا ہوا۔بانڈی پورہ کے کاجن میں دہشت گردوں سے تصادم ہوا ہے۔تاہم، اب تک کسی بھی دہشت گرد کو ڈھیر کرنے میں سکیورٹی کو کامیابی نہیں ملی ہے لیکن پاکستان کے جنگ بندی کی خلاف ورزی پرہندوستان نے اپنا ایک بہادر سپوت یش پال کھو دیا ہے۔یش پال جموں و کشمیر لائٹ انفینٹری کا حصہ تھے،یش پال اودھم پور ضلع کے منتلائی گاؤں کے رہنے والے تھے، 24 سال کے یش پال شادی شدہ تھے،یش کی شہادت کے علاوہ دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں،فی الحال، سکیورٹی کا سرچ آپریشن چل رہا ہے۔