کنداپور کے قریب تراسی نیشنل ہائی وے پر کاراُلٹ گئی ؛ سُنّی سینٹر کے ایک استاد کی موت، دیگر پانچ شدید زخمی
کنداپور 21/اپریل (ایس او نیوز) یہاں تراسی نیشنل ہائی وے پر ایک کار اُلٹ جانے کے نتیجے میں کار پرسوار ایک شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہوگئے، جن میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
حادثہ اتوار دوپہر قریب 12:30 بجے اُس وقت پیش آیا جب بولیرو کار پر سوار اُڈپی کے قریب مُولور سُنّی سینٹر کے استاد بیندور سائڈ سے اپنا کام نپٹا کر واپس اپنے سینٹر جارہے تھے کہ تراسی نیشنل ہائی وے پر ان کی کار مخالف سمت سے آنے والی بائک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر لگتے ہی کار بے قابو ہوکر اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں کار پرسوار سُنّی سینٹر کے ایک استاد سُہیل سعدی کی موت واقع ہوگئی۔ حادثے میں اسکوٹر سوار بھرت دیواڑیگا کو بھی شدید چوٹ لگی ہے، جبکہ کار پر سوار دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
بھرت دیواڑیگا اور کار پرسوار صابر سعدی کو نازک حالت میں منی پال لے جایا گیاہے جبکہ کار پر سوار دیگر لوگ اجمل ، طفیل اور ڈرائیور رفیق زخمیوں میں شامل ہیں جنہیں کنداپور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
کار پر سوار سُنّی سینٹر کے استادوں کا تعلق پڑوسی ریاست کیرالہ کے کنّور سے بتایا گیا ہے۔ جبکہ بائک پر سوار بھرت منجوناتھ دیواڑیگا بھٹکل گلمی کا رہنے والا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی گنگولی سے 24X7 کی دو ایمبولنس اپنے عملے کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر کنداپور اسپتال منتقل کیا۔ گنگولی پولس نے معاملہ درج کرلیا ہے، چھان بین جاری ہے۔