منگلورو : انڈے اور مرغیوں کے بعد اب مچھلیوں کی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگیں - جلد شروع ہوگی تملناڈّو سے تازہ مچھلیوں کی آمد  

Source: S.O. News Service | Published on 19th June 2023, 12:19 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو ،19 / جون (ایس او نیوز) پہلے تو انڈے ، مرغی اور گوشت کی قیمتوں نے عام آدمی کو پریشان کر رکھا تھا اور اب مچھلیوں کی باری آئی ہے ، جو کم مقدار میں دستیاب ہونے کے علاوہ بہت ہی زیادہ مہنگی ہوتی جا رہی ہیں ۔ 
    
چونکہ مانسون کے موسم میں یکم جون سے 31 جولائی تک کرناٹکا میں گہرے سمندر میں ماہی گیری پر پابندی چل رہی ہے جس کی وجہ سے پوری ساحلی پٹی پر مچھلیوں کی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ اس دوران بیپر جوائی طوفان کی وجہ سے دیسی طرز پر مچھلی کا شکار کرنے والے ماہی گیر بھی سمندر میں اتر نہیں پا رہے ہیں اس سے مچھلیوں کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں ۔ اس طرح انڈے ، مرغیاں اور مچھلیاں خریدنے اور گوشت خوری کا ذوق پورا کرنے میں عام آدمی کے لئے دشواری پیش آ رہی ہے ۔ 
    
منگلورو اور اڈپی علاقے میں  سلور پمفیریٹ مچھلی 900 روپے فی کلو سے زائد اور سرمئی مچھلی 1000 روپے فی کلو سے زائد قیمت پر بک رہی ہے ، جبکہ تارلی مچھلی 250 روپے سے 300 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ جھینگا مچھلی کی قیمت اس کے سائز کے حساب سے 250 روپے اور 450 روپے  چل رہی ہے ۔ اس کے علاوہ سوکھی ہوئی مچھلی کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ 
    
مرغیوں کی قیمت کی بات کریں تو پوری بروائلر مرغی 185 روپے فی کلو ہے جبکہ صرف گوشت 230 روپے فی کلو بک رہا ہے ۔ انڈے کی قیمت 5 روپے سے بڑھ کر 6 اور 7 روپے ہوگئی ہے ۔ 
    
دوسری طرف مچھلی خوروں کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ تملناڈو میں مانسون کے لئے 15 اپریل سے 15 جون تک گہرے سمندر میں ماہی گیری پر جو پابندی رہتی ہے ، اب وہ پابندی  ختم ہوگئی ہے اور وہاں کے ماہی گیر گہرے سمندر میں مشینی کشتیوں سے مچھلی کے شکار پر نکل پڑے ہیں ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ پچھلے دو دنوں سے بڑی مقدار میں مختلف اقسام کی مچھلیوں کے ساتھ  تملناڈو کی بندرگاہوں پر ماہی گیر کشتیاں واپس لوٹنے لگی ہیں۔ اس سے مارکیٹ تازہ مچھلیوں سے بھرنے لگی  ہے ۔ 
    
توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ دو تین دن میں منگلورو کے علاوہ ساحلی علاقے کے دیگر شہروں تک تملناڈو سے تازہ مچھلیوں کی آمد شروع ہوجائے گی ۔ اس طرح ایک طرف مچھلی خوروں کے ذوق کی تسکین ہوگی تو دوسری طرف آسمان چھوتی ہوئی قیمتیں بھی کچھ کم ہو جائیں گی ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

کمٹہ کے تدڑی میں سیاحوں کی کشتی ڈوبنے کا معاملہ : محکمہ ٹورازم کی کارروائی - 21 ٹورسٹ بوٹس کا لائسنس منسوخ

تعلقہ کے تدڑی موڈنگی میں سیاحوں کی کشتی ڈوبنے کا جو معاملہ پیش آیا تھا اس پر محکمہ سیاحت کی طرف سے کارروائی کی گئی اور غیر قانونی طور پر یا لائسنس کی تاریخ ختم ہونے کے باوجود چلائی جا رہی ٹورسٹ بوٹس کے اجازت نامے عبوری طور پر منسوخ کر دئے گئے۔ 

مرڈیشور بستی مکّی میں جنگلاتی زمین پر قبضہ - وزیر منکال وئیدیا پر اٹھ رہی ہیں انگلیاں - محکمہ جنگلات نے لگائی روک

مرڈیشور بستی مکّی میں موجود اتر کنڑا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کی صدارت میں چل رہے بینا وئیدیا اسکول سے متصل جنگلاتی زمین پر ناجائز قبضے کی کوشش کے بعد محکمہ جنگلات نے مداخلت کرتے ہوئے وہاں چل رہی کھدائی اور صفائی کے کام پر روک لگا دی ہے ، مگر اس ناجائز قبضے کے معاملے میں ...

ادیب و شاعر نفرت کی آگ کو گلزار بنانے کا کام کریں: بھٹکل میں منعقدہ شعری نشست میں سالک ندوی ‌کا‌اظہار خیال

وطن عزیز ان دنوں انتہائی اہم دور سے گزر رہا ہے۔ایک طرف تہذیبی جارحیت نے ان ہنگاموں کو نہایت سنگین بنا دیا ہے تو دوسری طرف فرقہ پرستی، تنگ نظری،لسانی عصبیتیں، اور طبقاتی کشمکش عروج پر ہے اور بے چہرگی کی بھیڑ میں انسانوں کا وجود ہی گم ہو گیا ہے۔

بھٹکل کی ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ بن گئی ہے مہاجر مزدوروں، آوارہ جانوروں اور بھکاریوں کا ٹھکانہ؛ کیا یہ ترقی کے نام پر غبن نہیں  ؟

ایسا لگ رہا ہے کہ بھٹکل میں ترقیاتی کاموں کا مطلب  ہی  حکومت کے پیسوں کا غبن کرنا  رہ گیاہے ، ایسا لگتا ہے کہ  یہاں بعض لوگ ایسے ہیں جو حکومت کی مختلف اسکیموں  کے لئے  منطور شدہ رقم  کو چور راستے سے    اپنے نام کروارہے  ہیں جس میں  بھٹکل سنتے مارکٹ کے قریب  تعمیر شدہ  ہائی ٹیک ...