ادیب و شاعر نفرت کی آگ کو گلزار بنانے کا کام کریں: بھٹکل میں منعقدہ شعری نشست میں سالک ندوی ‌کا‌اظہار خیال

Source: S.O. News Service | Published on 21st May 2024, 10:43 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل، 21/مئی (ایس او نیوز) وطن عزیز ان دنوں انتہائی اہم دور سے گزر رہا ہے۔ایک طرف تہذیبی جارحیت نے ان ہنگاموں کو نہایت سنگین بنا دیا ہے تو دوسری طرف فرقہ پرستی، تنگ نظری،لسانی عصبیتیں، اور طبقاتی کشمکش عروج پر ہے اور بے چہرگی کی بھیڑ میں انسانوں کا وجود ہی گم ہو گیا ہے۔ان حالات میں جہاں ہر باشندے کی ذمہ داری میں اضافہ ہو جاتا ہے وہیں حالات  سدھارنے کے لیے ادیب اور شاعر کا رول بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ بھٹکل میں ہرپل آن لائن کی ادبی کمیٹی کی طرف سے لبیک نوائط ایسوسی ایشن بھٹکل کے زیر انتظام منعقد ایک شعری نشست میں کلیدی گفتگو کرتے ہوئے سید احمد سالک ندوی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شاعر کو اپنے حلقۂ احباب سے نکل کر انسانیت ،حریت اور مساوات کی اس لڑائی میں سب کے ساتھ شریک ہونا چاہیے۔ملک میں جو نفرتوں کی آگ بھڑکائی گئی ہے اس آگ کو گلزار بنانے کا کام شاعر اور ادیب ہی بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں۔موجودہ حالات کے پیش نظر انہوں نے اپیل کی کہ ملک کی تعمیر نو اور سماج کی تشکیل نو کے لیے ادیب اور شاعر  اپنا کردار ادا کریں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس صورتحال سے مقابلے کے لیے پوری مستعدی کے ساتھ آگے ائیں۔سالک ندوی نے یاد دلایا کہ اپنے نظریے کے تصور حق کو متعارف کرانا اس وقت تعمیری ادب سے وابستہ ادیب اور فنکار کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ ہر پل آن لائن بھٹکل شعر وادب کے ماحول کو زندہ رکھنے کے لیے ہر ماہ شعری نشستوں کا انعقاد کرتا ہے اس مرتبہ مشاعرے میں دبئی سے تشریف لائے ممتاز شاعروادیب مولانا محمد نعمان اکرمی ندوی بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے۔ مشاعرے کی صدارت ریاست کرناٹکا کے معروف صحافی و شاعر،ادارہ ادب اسلامی حلقہ کرناٹک کے سابق صدر ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے کی۔ مشاعرے میں اقبال سعیدی،نعمان اکرمی‌ ندوی،الیاس آفاق سنہری، سید ابوبکر مالکی، سہیل عرشی، رائف کولا ندوی، میم غازی، اسعد کرناٹکی، انیس بھٹکلی اور سید احمد سالک ندوی نے اپنا بہترین کلام پیش کرکے سامعین کے ذوق کی تسکین کی۔ مشاعرے کی نظامت جناب اسامہ قاضی نے کی جب کہ مشاعرہ کمیٹی کے سرگرم رکن مولوی بشار رکن الدین ندوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا رات قریب 12 بجے خاطر تواضع کے ساتھ یہ نشست اختتام کو پہنچی۔لبیک نوائط ایسوسی ایشن بھٹکل کے ہال میں منعقد اس نشست میں شہر کے باذوق سامعین قابل ذکر تعداد میں موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل انجمن کی پانچ نئی اسکول بسوں کا افتتاح

نجمن حامئی مسلمین  بھٹکل کے    تعلیمی اداروں کے لئے آج جمعرات کو 5 نئی اسکول بسوں کا افتتاح  عمل میں آیا، اس موقع پر  انجمن کے صدر  یونس قاضیا، جنرل سکریٹری  اسحاق شاہ بندری ، سابق جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل سمیت کئی دیگر  عہدیداران واراکین انتظامیہ موجود تھے۔

انکولہ چٹان کھسکنے کا معاملہ: فوت شدہ خاتون کی آخری رسومات میں تعاون کرنے والے مینگلور کے صحافیوں کی ڈی سی نے کی تہنیت

دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے انکولہ کے شیرور میں چٹان کھسکنے کے بعد ملبے کے اندر دب کر ہلاک ہونے والی خاتون کی آخری رسومات انجام دینے میں تعاون کرنے والے مینگلورو کے صحافیوں کی انسانیت نوازی کو سراہا اور ان کی تہنیت کی

ہوناور کے شراوتی کنارے بسنے والوں کے لئے جاری ہوا الرٹ؛ لنگن مکی میں بڑھ گئی پانی کی سطح

ہوناور میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں لنگن مکّی آبی ذخیرے میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کی طرف بڑھنے لگی ہے جس کی وجہ سے شراوتی ندی کے دونوں کناروں پر بسنے والوں کے چوکنا رہنےکا پہلا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔