منگلورو کے بلڈ ہیلپ کئیر کی جانب سے بیلگام ضلع کے سیلاب متاثرین میں لاکھوں روپئے کے ضروری سامان کی تقسیم
منگلورو:26؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)حالیہ دنوں میں شمالی کرناٹکا کے مختلف اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ عوام کی امداد وتعاون کے لئے کئی سرکاری و نجی تنظیمیں و اداروں کی جانب سے کام جاری ہے۔ میڈیا اور سوشیل میڈیا میں سیلاب متاثرین کی درگت کو دیکھتے ہوئے منگلورو کے بلڈ ہیلپ کئیر کرناٹکا کے ممبران نے بھی بیلگام کے مختلف مقامات پر متاثرہ عوام کے گھروں تک پہنچ کر ان کے لئے روزمرہ کے ضروری سامان کو فراہم کیاہے۔
بلڈ ہیلپ کئیر کے ذمہ داران نے بتایاکہ میڈیا کے ذریعے جب پتہ چلا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیلگام ضلع میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے اور وہاں کے ہزاروں عوام اب بھی روزمرہ کے ضروری سامان سے محروم ہیں تو ہم نے منگلورو کے مختلف مقامات کے عطیہ کنندگان کی طرف سے 4 لاکھ روپیوں سے زائد روزمرہ کی اشیاء کو جمع کیا اور اپنی ٹیم کے ساتھ ان کے گھروں تک پہنچ کر انہیں روزمرہ کی ضروری اشیاء کے علاوہ نوٹ بک، اسکول بستے ، پکوان کے سامان وغیرہ تقسیم کئے۔ وہاں اور بھی لوگ ہیں جنہیں امداد کی سخت ضرورت ہے ۔ہم چاہتےہیں دیگر ادارے بھی ان کی مدد کریں۔ انہوں نے بتایاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مزیدسامان لےکر ان تک پہنچائیں۔ ٹیم میں افتخار احمد، نذیر حسین ، عبدالستار پتور، فیاض علی بیندور، بشیر کرشناپور، شمس الدین بلکونجے ، طفیل ، تسلیم ہریکل، مصطفیٰ کے سی روڈ، مبین ، عبدالقادر وغیرہ شامل تھے۔