کاسرکوڈ ٹونکا بندرگاہ کی تعمیری سرگرمیاں - پھر شروع ہوا احتجاج کا سلسلہ
ہوناور، 7 / اپریل (ایس او نیوز) کاسرکوڈ ٹونکا میں مجوزہ تجارتی بندرگاہ کے لئے ساحلی کنارے پر سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہونے کے بعد مقامی عوام اور ماہی گیروں نے پھر ایک بار احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔
خیال رہے کہ مقامی باشندوں اور ماہی گیروں کی طرف بندرگاہ کی مخالفت اور احتجاج کے پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے یکم اپریل سے اس علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ٹھیکیدار کمپنی کو 2.1 کلو میٹر لمبی کچی سڑک پر تارکول بچھانے کا موقع دیا تھا جس کے بعد وہاں دھیمی رفتار میں تعمیری سرگرمیاں شروع ہوگئیں اور تارکول بچھانے کے مقصد سے 1.5 کلو میٹر تک جیلی بچھانے کاکام پورا ہوگیا ۔ مگر 5 اپریل کو امتناعی احکامات کی میعاد ختم ہوتے ہی جب سنیچر کے دن تعمیری کام شروع ہوا تو سیکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد اور ماہی گیر موقع پر جمع ہو گئے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے لگے ۔ جس کے بعد ماحول کی گرمی کو محسوس کرتے ہوئے وقتی طور پر تعمیری کام روک دیا گیا ۔