کے پی ایل میں فکسنگ کے الزام میں بولنگ کوچ اور بلے باز گرفتار
نئی دہلی،27/اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) کرناٹک پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں حصہ لینے والے ایک بلے باز اور بولنگ کوچ کو میچ فکسنگ کے الزام میں مرکزی کرائم برانچ (سی سی بی) نے گرفتار کیا ہے۔کے پی ایل فرنچائزز بینگلوروبلاسٹرکے بولنگ کوچ ونو پرساد اور بلے باز وشوناتھ کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔کوچ پر الزام ہے کہ اس نے سٹے بازوں کے ساتھ مل کر بنگلور بلاسٹر اور بیلاگو پینتھرز کے درمیان کھیلے گئے میچ کو مبینہ طور پر فکس کیا تھا۔جوائنٹ پولیس کمشنر (جرائم) سندیپ پاٹل نے کہاکہ مرکزی کرائم برانچ (بنگلور) نے میچ فکسنگ کے ایک اور کیس اجاگر کیا۔سی سی بی نے کے پی ایل کی ایک ٹیم کے بولنگ کوچ اور بلے باز کو سٹے بازوں کے ساتھ مل کر میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا۔بلے باز نے بڑی رقم کے بدلے میں سست بلے بازی کی۔معاملے کی جانچ جاری ہے۔