کونکن ریلوے نے بغیر ٹکٹ مسافروں سے تین مہینے کے دوران وصول کیے 5.6 کروڑ روپے
بھٹکل 16 / جنوری (ایس او نیوز) کونکن ریلوے کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین مہینوں کے دوران ٹرین پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے 5.6 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ کونکن ریلوے افسران کی جانب سے با قاعدگی کے ساتھ ٹرینوں میں ٹکٹ چیکنگ کا کام کیا جاتا ہے . جس کی وجہ سے گزشتہ مہینے دسمبر 2023 کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 6,675 مسافروں سے 1,95,64,926 کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔ جبکہ اکتوبر سے دسمبر تک تین مہینوں کی اگر بات کی جائے تو کونکن ریلوے نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 18,446 مسافروں سے جملہ 5,66,99,017 روپے وصول کیے ۔
کونکن ریلوے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے سے باز آئیں ورنہ سختی کے ساتھ چیکنگ کے دوران اگر وہ ہاتھ لگے تو پھر جرمانے کے ساتھ ٹکٹ کا کرایہ ادا کرنے سے وہ بچ نہیں سکتے ۔