15؍دن سے بھوک سے تڑپ رہے تھے بچے مزدور نے لگالی پھانسی
کانپور،16؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ڈیڑھ ماہ سے زیادہ مدت سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے،اس کی سب سے زیادہ مار غریبوں اور مزدوروں پر پڑ رہی ہے- روز کمانے والے مزدوروں کے سامنے بھکمری کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے- ایسی ہی صورت حال کانپور کے رہنے والے ایک مزدور کے سامنے کھڑی ہو گئی- کام نہیں ملنے سے کاکادیو تھانہ علاقے کے راجاپورا کے ایک مزدور کے گھر میں بچوں کے کھانے کے لئے کچھ بھی نہیں تھا- بچے کبھی پانی پی کر تو کبھی بغیر کچھ کھائے ہی سو جاتے- اس سے نجات پانے کے لئے مزدور نے خودکشی کر لی-ایسی صورت حال میں مزدور نے کام پانے کی بہت کوشش کی لیکن اسے کام نہیں ملا- وہ 15 دن سے اپنے بچوں کو بھوکا دیکھ کر اندر سے ٹوٹ چکا تھا- اس کے بعد اس نے پھانسی لگا کر اپنی زندگی ختم کر لی- اس مزدور کا نام وجئے بہادر (40) ہے- اس کا پیشہ مزدوری کرنا تھا- مزدوری کر کے ہی وہ بیٹوں شیوم، شبھم، روی، بیٹی انوشکا اور اہلیہ رنبھا کا پیٹ بھرتا تھا-