بھٹکل میں کنڑا راجیہ اُتسوا کی شاندار تقریبات؛ تعلقہ اسٹڈیم میں اسٹیج پروگرام، جالی میں پتنگ بازی اُردو اسکول اور مرڈیشور میں بھی منفرد پروگرام

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 2nd November 2023, 11:59 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 2/نومبر (ایس او نیوز): تعلقہ انتظامیہ، تعلقہ پنچایت، بھٹکل میونسپالٹی  اور جالی پٹن پنچایت کے زیراہتمام  بھٹکل  کے مختلف علاقوں میں کنڑا راجیہ اُتسوا  کی تقریبات منعقد کی گئی  اور شا ندار پیمانے پر کرناٹک ڈے منایا گیا۔  بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم (المعروف وائی ایم ایس اے میدان) میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا این نے قومی پرچم لہراتے ہوئے  اسٹیج  پروگرام کا آغاز کیا،   وہیں جالی سمندر کنارے  پتنگ بازی کے ذریعے ، مرڈیشور سمندر کنارے بوٹوں کی ریلی کے ذریعے   اور  حنیف آباد اُردو سرکاری اسکول میں کرناٹک کے نقشے پر چراغ کی روشنی پھیلاتے ہوئے اس دن کو منایا گیا۔

بتاتے چلیں کہ کرناٹک میں ہرسال یکم نومبر کوکنڑا راجیہ اُتسوا کی تقریبات منائی جاتی ہے، اس دن کو کرناٹک  فاونڈیشن ڈے یا کرناٹک ڈے بھی کہا جاتا ہے۔ 1956 میں اسی دن جنوب مغربی ہندوستان میں کنڑا بولنے والے علاقوں کا انضمام کیا گیا تھا، جنوبی ہندوستان کے وہ علاقے جہاں کنڑا زبان غالب تھی جس میں سابقہ مدراس، بمبئی اور حیدرآباد ریاستوں کے علاقے بھی شامل تھے، کنڑا بولنے والے تمام علاقوں کا انضمام کرتے ہوئے ایک ریاست تشکیل دی گئی جسے پہلے  میسورکا نام دیا گیا۔  مگر پھر یکم نومبر ١٩٧٣ کومیسور نام بدل کر اسے کرناٹک رکھا گیا۔ اور 1973 میں اُس وقت کے  وزیر اعلی دیوراج عرس نے سرکاری طور پر یکم نومبر کو کرناٹک کا یوم تاسیس (یا کرناٹک ڈے) قرار دیا۔ جس کے بعد سے ہر سال  یکم نومبر کو کرناٹک راجیہ اُتسو کی تقریبات رکھی جاتی ہے اور اس دن اسکولوں اورسرکاری  دفاتر میں چھٹیاں دی جاتی ہیں۔

پہلے    بھٹکل تعلقہ اڈلیتا سودھا (پرانا نام بھٹکل منی ودھان سودھا) کے احاطے میں کرناٹک کا جھنڈا لہراتے ہوئے پروگرام کی شروعات کی گئی ، پھر یہاں سے شمس الدین سرکل اور نیشنل ہائی وے ہوتے ہوئے نوائط کالونی تعلقہ اسٹڈیم (المعروف وائی ایم ایس اے میدان) تک جلوس نکالا گیا ۔ جہاں اسٹیج پروگرام سجایا گیا تھا۔

 اسٹڈیم میں قومی پرچم  لہراتے ہوئے  پروگرام  کا افتتاح کرنے کے بعد میں خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے ریاست میں کنڑا زبان کو فوقیت دینے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں رہنے والوں کو کنڑا زبان میں ہی بولنا چاہئے، جن کو کنڑا معلوم نہیں ہے اُنہیں کنڑا سیکھنا چاہئے، تمام کام، تمام معاملات کنڑا میں ہی کرنے کی کوشش ہونی  چاہئے اور اپنی ریاستی زبان کو فروغ دینے میں ہر ایک کو  شریک ہونا چاہئے۔ انہوں نے راجیہ اُتسوا منانے کے تعلق سے بھی معلومات فراہم کیں۔ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائیک نے کنڑا کے تاریخی ورثے پرتفصیلی مقالہ پیش کیا۔ 

تقریب میں مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والوں کی تہنیت کی گئی اور اُنہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ اس لسٹ میں اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹرجناب شبیراحمد دفعدار اور ساحل آن لائن کے کنڑا رپورٹرمنجونائک بھی شامل تھے۔ منجونائک کو سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی مناسبت سے اعزاز سے نوازا گیا۔

آخر میں مختلف اسکولی بچوں نے کنڑا گیتوں کا ثقافتی پروگرام پیش کیا۔

ڈائس پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کے ساتھ ساتھ تحصیلدار تھیپے سوامی، تعلقہ پنچایت ایگزیکٹو آفسر پربھاکرچکنمنے، میونسپل چیف آفسر نیل کنتھ میستا، جالی پٹن پنچایت چیف آفسرمنجپا این، بھٹکل ڈی وائی ایس پی سریکانت کے، بلاک ایجوکیشن آفیسر وی ڈی موگیر وغیرہ موجود تھے۔

اُردواسکول میں کنڑا راجیہ اُتسوا:   ہیبلے پنچایت حدود کے حنیف آباد سرکاری اُردو ہائیر پرائمری اسکول میں بچوں نے کنڑا راجیہ اُتسوا کو منفرد انداز میں منایا۔ یہاں کرناٹک کے نقشے کے اطراف چراغ جلاکر روشنی بکھیرتے ہوئے بچوں نے کنڑا میں نظمیں پیش کیں اور اسکول کے اساتذہ نے کرناٹک ڈے کی مناسبت سے بچوں کو معلومات فراہم کیں۔

مرڈیشورمیں کنڑا راجیہ اُتسوا:  مرڈیشور بیچ پرسیاحت کے لئے استعمال ہونے والی بوٹوں پر کنڑا کا جھنڈا لہراتے ہوئے بوٹ والوں نے سمندرمیں ہی بوٹوں کی ریلی نکالی اور منفرد انداز میں کرناٹک ڈے منایا۔

 پتنگ بازی کا مظاہرہ: کرناٹک ڈے کی مناسبت سے بھٹکل میونسپالٹی  اور جالی پٹن پنچایت کی طرف سے  جالی سمندر کنارے  پتنگ بازی کا مظاہرہ  پیش کیاگیا اور کرناٹک کے پرچم کے رنگوں پر مشتمل پتنگ آسمانوں سے باتیں کرتے ہوئے نظرآئے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا،  تحصیلدار تیپے سوامی، میونسپل اور جالی چیف آفسر نیل کنتھ میستا اور منجپا کے ساتھ ساتھ میونسپالٹی اور جالی پنچایت کے کئی اہلکار موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: انجمن نور اسکول میں 19 مئی کو شروع ہورہا ہے آدھار کارڈ کیمپ؛ بھٹکل کے عوام اُٹھا سکتے ہیں فائدہ

بھٹکل کے چھ اسپورٹس سینٹروں پر مشتمل نور حلقہ کی جانب سے  مورخہ 19 مئی کو نورمسجد کے قریب واقع نور انجمن اسکول میں آدھار کارڈ کا میگا کیمپ منعقد کیا گیا ہے جہاں پہنچ کر  بھٹکل کے عوام  نیا  آدھار کارڈ بھی بنواسکتے ہیں، پرانے کارڈ کو درست کرنا ہے تو کرکشن بھی کرواسکتے ہیں، نام ...

چکمگلورو میں چلتی بس میں لگی آگ 

شیموگہ سے میسورو کی طرف جا رہی کے ایس آر ٹی سی کی آئیراوتی بس میں اچانک آگ لگنے سے پوری بس جل کر خاکستر ہوگئی ۔ ڈرائیور کی پھرتی اور مستعدی کی وجہ سے کسی بھی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔