اڈپی اور مضافات میں برسات - کنداپور تعلقہ کے سداپور میں بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک
کنداپور، 15/ مئی (ایس او نیوز) اڈپی شہر ضلع کے مختلف مقامات بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ تیز برسات ہوئی اور اس دوران کنداپور تعلقہ کے سداپور میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بجلی گرنے سے ہلاک ہونے کا نام سریش شیٹی (38 سال) ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سداپور اور ہوسانگڈی کے علاقوں میں کل شام کے وقت بادلوں کی گرج کے ساتھ تیز بارش ہونے لگی ۔ اس دوران سریش شیٹی گھر کے قریب درخت سے گرے ہوئے آم چننے کے لئے اپنے بیٹے کے ساتھ باہر نکلا تھا ۔ اس وقت اچانک بجلی کڑکی اور اس کی زد میں آنے کی وجہ سے سریش شیٹی شدید زخمی ہو گیا ۔ فوری طور پر اسے اسپتال لے جایا گیا مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ بجلی گرنے سے اس کے بیٹے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔
آسمانی بجلی گرنے سے نالکور گرام میں بھی مویشی ہلاک ہونے کی خبر ہے ۔ ہیگونجے گرام میں گھر کے اوپر ناریل کا درخت گرنے سے بڑا نقصان ہوا ہے ۔
اڈپی شہر میں شام کے وقت تیز ہواوں کے ساتھ بھاری برسات ہوئی ، جس سے گرمی کی شدت کچھ ہوئی ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے موٹر گاڑیوں اور عام لوگوں کو آمد و رفت میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعض مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی منقطع ہوئی ۔
پتور کے مختلف مقامات پر گزشتہ دو دنوں میں ہوئی تیز بارش اور ہواوں کی وجہ سے 228 بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے ۔ 5 ٹرانسفارمرس کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں میسکام کو 18 لاکھ روپوں کا نقصان ہوا ۔
معلوم ہوا ہے کہ تومبے ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس مسئلے سے نپٹنے کے لئے ہریکل ڈیم سے پانی پمپ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈی سی کے حکم پر بیلیور ڈیم سے اے ایم آر ڈیم میں پانی چھوڑا گیا ہے ۔ شہر میں حد بندی (راشننگ) کے ساتھ پینے کا پانی فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بعض علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔