بھٹکل کے تاجر کو فون کال کے ذریعے لوٹنے کی ناکام کوشش
بھٹکل، 15/ مئی (ایس او نیوز) انٹرنیٹ اور فون کالس کے ذریعے فریب دہی اور بڑی رقم لوٹنے کے معاملات عام ہوگئے ہیں جس سے بچنا بہت ہی مشکل ہو گیا ہے ۔ ایسی ہی ایک ناکام کوشش کا معاملہ بھٹکل کے ایک تاجر نوین کے ساتھ پیش آیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ دو تین دن قبل نوین کو کئی بار کسی انجان نمبر سے فون کال آتی رہی جسے وہ مصروفیت کی وجہ سے ریسیو نہیں کر رہا تھا ۔ پھر اس نے ایک مرتبہ کال ریسیو کیا تو ایک لڑکی نے اس کے آدھار کارڈ، پین کارڈ وغیرہ بتاتے ہوئے کہا کہ تم نے 3 مئی کو ممبئی سے کوریئر کے ذریعے جو پارسل تائیوان کے لئے بھیجا تھا وہ واپس آ گیا ہے ۔ اس میں ممنوعہ اشیاء موجود ہونے کی وجہ سے ممبئی ایئر پورٹ پر کسٹمز نے پارسل ضبط کر لیا ۔
یہ بات سن کر تھوڑی دیر کے لئے نوین پریشان ہوگیا ، پھر اس نے کال کرنے والی لڑکی سے کہا کہ میں نے تو کوئی پارسل بھیجا ہی نہیں ۔ اس کے علاوہ میں کرناٹکا میں رہتا ہوں ، اس لئے ممبئی سے کوریئر بھیجنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اس پر لڑکی نے کہا کہ تمہاری شناخت کے دستاویزات کے ساتھ پارسل بھیجا گیا ہے ۔ اس پر جو فون نمبر درج ہی اسی پر ہم نے کال کیا ہے اور یہ تمہارا ہی نمبر ہے ۔ نوین نے جب پوچھا کہ اس مسئلہ سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے تو لڑکی نے کہا کہ اگر دو لاکھ روپے ادا کیے جائیں تو یہ مسئلہ ختم ہو سکتا ہے ۔ جب نوین نے پوچھا کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو کیا ہوگا ، تو لڑکی نے کہا کہ اس معاملے کی رپورٹ مینگلورو ایئر پورٹ کو دی گئی ہے اور وہاں سے کسٹمز افسران کسی بھی وقت تمہیں گرفتار کرنے کے لئے پہنچ سکتے ہیں ۔
یہ سب سننے کے بعد نوین نے یہ کہتے ہوئے کال منقطع کر دی کہ جو کرنا ہے کر لو میں کوئی رقم ادا کرنے والا نہیں ہوں ۔ جو ہوگا میں دیکھ لوں گا ۔
نوین اور دھوکہ بازوں کے درمیان ہوئی اس بات چیت کی ریکارڈنگ اب سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔