جیت کے ساتھ ہندوستان نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کو کہا الوداع ، دبئی میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سےشکست دی
دبئی، 9؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستانی ٹیم نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2021 کو جیت کے ساتھ الوداع کہا ہے ۔ انہوں نے پیر کو سپر 12 مرحلہ کے اپنے آخری میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ نمیبیا نے ہندوستان کو جیت کے لیے 133 رنوں کا ہدف دیا جو اس نے 15.2 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روہت شرما نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کے ایل راہل کے ساتھ 86 رنز کی اوپننگ شراکت داری بھی کی۔ راہل نے جیت کی باؤنڈری لگائی اور 36 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ ہندوستان کی جانب سے روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ نے بھی 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل جڈیجہ اور روی چندرن اشون کے جادو کی وجہ سے ہندوستان نے نمیبیا کو 8 وکٹوں پر 132 رنوں پر روک دیا ۔ جڈیجہ نے 16 رن پر 3 جبکہ اشون نے 20 رن پر 3 وکٹ لئے ۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے بھی 19 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نمیبیا کے لیے ڈیوڈ ویزے (26) اور سلامی بلے باز اسٹیفن بارڈ (21) ہی 20 رنوں کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم ہندوستان نے 17 اضافی رنز بھی دیے، جس سے نمیبیا کی ٹیم کو ایک باعزت اسکور تک پہنچنے میں مدد ملی۔
ہندوستان کی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان کے طور پر اپنے 50 ویں اور آخری میچ میں وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد مائیکل وان لنگن (14) نے دوسرے اوور میں بمراہ کو دو چوکے لگائے جبکہ اسٹیفن بارڈ (21) نے چوکا مارا۔ محمد سمیع پر چھکا لگا کر ٹیم نے ایک مثبت آغاز کیا۔ تاہم، لنگن نے بمراہ کی اچھلتی ہوئی گیند پر شارٹ مارنے کی کوشش میں، مڈ آف پر سمیع کو ایک آسان کیچ دیدیا ۔
اگلے ہی اوور میں جڈیجہ نے کھاتہ کھولے بغیر ہی کریگ ولیمز کو ریشبھ پنت کے ہاتھوں اسٹمپ کرا دیا۔ پاور پلے میں نمیبیا نے دو وکٹوں پر 34 رنز بنائے۔ بارڈ نے جڈیجہ پر پہلی باؤنڈری لگائی ، لیکن اسی اوور میں بائیں ہاتھ کے اسپنر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ اشون نے جین نکول لوفٹی ایٹن (05) کو سلپ میں روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کروانے کے بعد کپتان گیرہارڈ ایراسمس (12) کو ریشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا ۔
جڈیجہ کی گیند پر روہت نے جے جے اسمٹ (09) کا کوور میں شاندار کیچ لیا جبکہ اشون نے جین گرین (00) کو بولڈ کیا۔ نمیبیا کے رنوں کی سنچری 17ویں اوور میں پوری ہوئی۔ اس کے بعد ڈیوڈ ویزے بھی بمراہ کا شکار بنے جس کی وجہ سے نمیبیا کی ٹیم آخری اوورز میں تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہی۔