مہاراشٹرا میں شندے حکومت نے 99 کے مقابلہ 164 ووٹوں سے پاس کیا فلور ٹیسٹ، مہا وکاس اگھاڑی کے 8 ارکان اسمبلی غیر حاضر
ممبئی، 4؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے کی حکومت نے اسمبلی میں 99 کے مقابلہ میں 164 ارکان نے ایکناتھ شندے کی حمایت کی۔ جبکہ 8 ارکان اسمبلی غیر حاضر رہے جس میں کانگریس کے پانچ، سماجوادی پارٹی کے 2 اور مجلس اتحاد المسلمین کا ایک رکن اسمبلی شامل ہیں۔ اسپیکر کا ووٹ شمار نہیں ہوا، ورنہ شندے کی حمایت میں ارکان اسمبلی کی تعداد 165 ہو جاتی۔ تحریک اعتماد کے خلاف ڈالے گئے 99 ووٹ ایم وی اے (مہا وکاس اگھاڑی) کی حمایت میں گئے۔
دریں اثنا، اسمبلی میں تحریک اعتماد پر ہونے والی ووٹنگ کے دوران کانگریس کے رکن اسمبلی کیلاس گورنٹیال نے کہا ’سیاست میں پہلے سام، دام، دنڈ، بھید ضروری تھا لیکن اب ای ڈی، سی بی آئی اور گورنر ضروری ہے۔ اس پر شندے دھڑے نے اعتراض کیا۔ دریں اثنا، ادھو دھڑے کے ارکن اسمبلی سنتوش بانگڑ نے بھی شندے حکومت کے حق میں ووٹ کیا۔ فلور ٹیسٹ سے عین قبل وہ شندے دھڑے میں شامل ہو گئے تھے۔
مہاراشٹر اسمبلی میں ایکناتھ شندے کی جیت کے بعد نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا ’’جن ارکان نے تحریک کی حمایت کی میں ان کا مشکور ہوں۔ شندے صاحب نے 1980 میں فعال سیاست میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے ایک عام کارکن کے طور پر کئی ذمہ داریاں سنبھالی اور آج وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔‘‘