مشرقی بنگلورو تشدد کیس: سپریم کورٹ نے سمپت راج اور عبدالرقیب ذاکر کی ضمانت برقرار رکھی
نئی دہلی23اگست(آئی این ایس انڈیا) مشرقی بنگلوروتشددکیس میںسپریم کورٹ سے سابق میئر سمپت راج اور سابق کونسلر عبدالرقیب نے ذاکر کو راحت دی۔ سپریم کورٹ نے 12 اگست 2020 کے ایک کیس میں ان دونوں کو ضمانت دینے کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست خارج کر دی ہے جس کے بعددونوں کی ضمانت برقرار رہے گی۔ کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جوکانگریس ایم ایل اے آر اکھنڈ سرینواس مورتی نے کی تھی۔
بنگلورو تشدد کے باعث چار افراد ہلاک ہوئے۔ سرینواس مورتی کے بھتیجے کی مبینہ اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹ پر ہزاروں لوگوں نے ہنگامہ کیا تھا۔ سرینواس مورتی اور ان کی بہن کے گھر کو آگ لگا دی گئی۔ سرینواس مورتی کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ ملزمان اس واقعے کے اہم سازشی عناصر میں سے ایک تھے اور انہوں نے فرقہ وارانہ صورتحال پیدا کرنے کے لیے گھروں میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کے لیے لوگوں کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پڑوسی سی وی رمن نگر علاقے سے اسمبلی انتخابات ہارنے والے سمپت راج نے سیاسی وجوہات کی بنا پر یہ کام بددیانتی سے کیا۔ ملزم نے اپنے بھتیجے کی مبینہ توہین آمیز پوسٹ کے بہانے بدامنی اور امن وامان کی صورتحال پیدا کی۔