کاروار: ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے افسران کو دی ہدایت - قحط متاثرین کو کوئی تکلیف نہ ہو نے پائے

کاروار 18 / نومبر (ایس او نیوز) اُترکنڑٖا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے تمام محکمہ جاتی افسران کو ہدایت دی کہ قحط متاثرین امداد کے لئے جو فنڈ جاری ہوا ہے اس کی تقسیم میں پوری احساس ذمہ داری کے ساتھ اس طرح فرائض انجام دیں کہ متاثرہ افراد یا مویشیوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہیے ۔
وزیر منکال وئیدیا نے قحط متاثرین کے لئے فنڈ کی تقسیم اور مشترکہ فصل سروے کے سلسلے میں ضلع پنچایت ہال میں منعقدہ جائزاتی میٹنگ افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس معاملے میں کوئی کوتاہی ہوئی تو پھر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
امسال ضلع کے 5 تعلقہ جات کو بہت زیادہ قحط زدہ اور 6 تعلقہ جات کو معمولی قحط زدہ قرار دیا گیا ہے اور ریلیف فنڈکے طور پر ریاستی حکومت نے ضلع شمالی کینرا کو 16.50 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا ہے ۔ اس کے علاوہ کھیتی باڑی کے لئے قحط سے جو نقصان ہوا ہے اس ضمن میں 80 کروڑ روپے معاوضہ کی مانگ رکھی گئی ہے اور یہ رقم ڈائرکٹ بینی فٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے متاثرہ افراد کے کھاتے میں جائے گی ۔
وزیر منکال وئیدیا نے قحط سے متاثرہ علاقوں میں عوام اور مویشی کے لئے پانی کا انتظام کرنے اور گزشتہ سال جن علاقوں میں پانی کی قلت پیش آئی تھی وہاں اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کی طرف توجہ دینے کے لئے افسران کو خصوصی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ سرکاری افسران کو فصل سروے کا کام آئندہ پندرہ دنوں میں مکمل کرنے، سرکاری امداد متاثرین تک پہنچانے، دیہی علاقوں میں جاب کارڈ اور روزگار اسکیم سے عوام کو فیض یاب کرنے کی ذمہ داری نبھانے کی ہدایت کی ۔