سرسی میں سڑک کنارے سوئے ہوئے مزدوروں پر کار چڑھ گئی - ایک ہلاک، چار افراد شدید زخمی
سرسی 11 اپریل (ایس او نیوز) شہر کے کمٹہ روڈ پر ہیپنلّی کراس کے قریب سڑک پر سوئے مزدوروں پر بے قابو کار چڑھ گئی جس کی وجہ سے ایک بچی سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے اور ان میں سے نارائن نامی ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سڑک کی تعمیر کے لئے مزدوری کرنے والے یہ لوگ حیدرآباد کے محبوب نگر کے حیدر آباد سے تعلق رکھتے ہیں ۔ شدید زخمیوں کی شناخت پاروتی، وینکٹ ریڈی، ناگ لکشمی اور چھوٹی بچی لاونی کے طور پر کی گئی ہے ۔ جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لئے دھارواڑ کے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب دن میں کام ختم کرکے رات کے وقت یہ مزدور سڑک کنارے ہی سو رہے تھے تو سرسی سے ہیپنلّی کی طرف آنے والی کرن شریپاد ہیگڑے کی کار بے قابو ہو کر کچّے رستے پر سوتے ہوئے مزدوروں پر چڑھ گئی ۔
سرسی مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔