ممبئی،یکم دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بامبے ہائی کورٹ نے بدھ کے روز وکیل اور سماجی کارکن سدھا بھاردواج کو بڑی راحت دی۔ عدالت نے 2018 بھیما-کوریگاؤں اور ایلگر پریشد نسلی تشدد معاملے میں ملزم سدھا بھاردواج کو ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ بھاردواج کو ضمانت کی شرطوں کو آخری شکل دینے کے لیے آئندہ بدھ کو خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کیا جائے۔
حالانکہ عدالت نے اسی معاملے میں 8 دیگر ملزمین کی درخواستوں کو خارج کر دیا، جن میں ڈاکٹر پی ورور راؤ، سدھیر دھولے، رونا ولسن، ایڈووکیٹ سریندر گڈلنگ، پروفیسر شوما سین، مہیش راؤت، ارون فریرا اور ورنون گونجالوس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پونے پولیس نے جون-اگست 2018 میں ہندوستان کے مختلف حصوں سے سبھی ملزمین کو گرفتار کیا تھا اور بعد میں جنوری 2020 میں اس معاملے کو قومی جانچ ایجنسی نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔