بھٹکل: ڈرینیج کا غیر معیاری کام - کنووں میں جمع ہورہا ہے گٹر کا گندہ پانی؛ ٹی ایم سی وارڈ 20-21 کے کاونسلروں نے دیا میمورنڈم
بھٹکل 9 / جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 20 اور 21 میں زیر زمین ڈرینیج کی پائپ لائن اور مین ہول کی غیر معیاری تعمیر کی وجہ سے گندہ پانی گھروں کے کنووں میں داخل ہونے سے پریشان کاونسلرملا فیاض اورفاطمہ کوثر چامنڈی نے ٹی ایم سی ایڈمنسٹریٹر و اسسٹنٹ کمشنر کے نام میمورنڈم دیتے ہوئے جلد از جلد اس مسئلہ کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
میمورنڈم کی ایک ایک نقل ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا اور ڈپٹی کمشنر کاروارگنگوبائی مانکر کو بھی سونپا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پرانے اینٹوں سے بنے ہوئے مین ہول کو ہٹا کر اب جو کانکریٹ کے نئے مین ہول بٹھائے گئے ہیں وہ انتہائی ناقص اور غیر معیاری ہیں ۔ پائپ لائن کا کام بھی بالکل غیر سائنٹفک انداز میں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گندے پانی کا بہاو آسانی سے نہیں ہورہا ہے اور اس کے نتیجہ میں مین ہول میں کچرا جمع ہونے کے بعد گندہ پانی اس میں سے خارج ہو کر اس علاقے میں موجود گھروں کے کنووں میں داخل ہو رہا ہے ۔ اس طرح کنووں کا پانی گٹر کے گندے پانی کی آمیزش کی وجہ سے استعمال کے قابل نہیں رہ گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس گندے اور آلودہ پانی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ کنویں آلودہ ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی کمی سے پریشان علاقے کے باشندے اپنے گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں جا کر رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔
اس پس منظر میں ان دو وارڈس کے کاونسلروں نے متعلقہ ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری اور ناقص مین ہول اور پائپ لائن کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور از سر نو اس علاقے میں نئے اور درست قسم کے مین ہول تعمیر کرتے ہوئے عوام کو اس مصیبت سے راحت دلائی جائے ۔