بھٹکل کی طالبہ فاطمہ شنگیری کی ایم ۔ڈی میں نمایاں کامیابی؛ سی ای ٹی کے ذریعے پائی تھی فری میڈیکل سیٹ
بھٹکل 21 ؍اگست(ایس اؤ نیوز) سی ای ٹی میں نمایاں رینک حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر میڈیکل سیٹ پانے والی نورالمبین شنگیری اور سعیدہ فردوس کی دختر فاطمہ طہمی شنگیری نے راجیو گاندھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس بنگلورو سے ڈاکٹر آف میڈیسن (ایم ۔ڈی۔پیڈیاٹرک ) میں فرسٹ کلاس سے کامیاب ہوگئی ہیں۔
منگلورو کے اے جے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے انہوں نے ایم ڈی کے لئے جون جولائی 2020میں ہوئے امتحان میں حصہ لیا تھا جس میں شعبہ ماہر اطفال (پیڈیا ٹرک) کے700 میں 432 نمبرات یعنی61.7فی صد کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے شہر اور قوم کا نام روشن کردیا ہے۔
فاطمہ طہمی سلطنت آف عمان کے انڈین اسکول آف عبرا سے پرائمری اور ہائی اسکول کی پڑھائی کرتےہوئے ایس ایس ایل سی میں88فی صد نمبرات سے کامیاب ہوئیں تھی، جس کے بعد سینٹ اگنیش کالج منگلورو سے پی یوسی میں انہوں نے 80فی صدنمبرات لے کر اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھا مگر سی ای ٹی میں انہوں نے زبردست پرفارمینس پیش کرتے ہوئے 1000 رینکنگ کے اندر کامیابی پاتے ہوئے فری میڈیکل سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
2015میں ڈاکٹر فاطمہ طہمی نے ایم بی بی ایس کے لئے منگلورو کی کستوربا میڈیکل کالج میں داخلہ لیا جہاں وہ فرسٹ کلاس کے درجہ میں68 فی صد نمبرات کے ساتھ کامیاب ہوئیں۔ اس کے بعدا نہوں نے وینلاک اسپتال میں انٹر شپ کورس مکمل کرنے کے بعد ایم ڈی میں داخلہ لیا تھا۔
اپنی کامیابی پر ڈاکٹرفاطمہ شنگیری نے اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتےہوئے عوام کی خدمت کےجذبے کا اظہار کیا ہے۔ فاطمہ طہمی شنگیری کی کامیابی پر مختلف تنظیموں اور اداروں کے ذمہ داران اور معزز شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے۔