بھٹکل کے مُشاہد احمد کی PSI سیول امتحان میں شاندار کامیابی؛ پی ایس آئی کا امتحان دینے والے نوائط کمیونٹی کے پہلے فرد

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st September 2019, 8:40 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم ستمبر (ایس او نیوز)  بھٹکل ہورلی سال   کے رہنے والے مُشاہد احمد شیخ نے پی ایس آئی سیول امتحان 2018 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے  پورے علاقے کا نام روشن کردیا ہے۔وہ اب اگلے چند دنوں میں میسور جائیں گے جہاں نو ماہ کی ٹریننگ  کے بعد انہیں خاکی وردی کے ساتھ   ذمہ داری سونپی جائے گی،  توقع ہے کہ ان کی پوسٹنگ ویسٹرن رینج میں ہوگی۔

مُشاہد احمد کے بھائی مِصباح الحق  جو  بھٹکل  انجمن انجینرنگ کالج سے فارغ ہیں، نے بتایا کہ  مُشاہد کو جنرل  میرٹ کی بنیاد پر پی ایس آئی سیول امتحان میں کامیابی ملی ہے اور ریاست کرناٹک میں ایسا  دوسری بار ہوا ہے کہ جنرل میرٹ کی بنیاد پر کسی مسلم طالب علم کو منتخب کیا گیا ہے۔  مصباح کے مطابق  2018 میں اقلیتی  طلبا کے لئے   آٹھ سیٹیں مخصوص تھیں، مگر مُشاہد کے مارکس اتنے بہترین تھے کہ  جنرل  میرٹ کی بنیاد پراس کا انتخاب کیا گیا۔

مُشاہد کی بہترین کامیابی کو سراہتے ہوئے  گذشتہ روز  آئی اےایس اکیڈمی دھارواڑ کی طرف سے ایک تہنیتی پروگرام منعقد کیا گیا اور  دھارواڑ ڈپٹی کمشنر اور ایس پی کی موجودگی میں ان کی شال پوشی کی گئی  نیز میمنٹو سے نوازا گیا۔

پانچ سال تک انڈین آرمی میں اپنی خدمات پیش کرنے  والے  محمد حنیف شیخ کے فرزند مُشاہد احمد نے  بنگلور سے بیچلر آف آرکیٹیکچر کی ڈگری لینے کے بعد  2017 میں  کرناٹکا ایڈمنسریٹیو سروس  (KAS) کا مین  امتحان دیا تھا، جبکہ وہ 2018  میں FDA امتحان کے آخری اسٹیج تک  پہنچ گئے تھے۔

مُشاہد نے اپنی ابتدائی تعلیم  نونہال سینٹرل اسکول اور شمس انگلش میڈیم اسکول سے حاصل کی، آنند آشرم کانوینٹ اسکول سے  ایس ایس ایل سی کیا، پھر مینگلور سینٹ الوشیس   کالج میں پی یوسی مکمل کی۔

بتایا گیا ہے کہ سن 2018 میں انہوں نے KAS کے لئے میناریٹی اسکالرشپ امتحان میں فرسٹ رینک سے کامیابی حاصل کی، جبکہ  UPSC اسکالر شپ کے لئے ان کو 16 واں رینک ملا، اسی کی بنیاد پر  وہ کرناٹکا کے ساتھ ساتھ  انڈیا کے بھی ٹاپ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ  کے لئے  اہل پائے گئے۔اس طرح انہوں نے  بنگلور یونیورسل کوچنگ سینٹر کو منتخب کیا اور پی ایس آئی کے  امتحان میں  اعلیٰ نمبرات سے  کامیابی حاصل کی۔

مُشاہد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق پڑوسی تعلقہ ہوناور کے ولکی قصبہ سے ہے، البتہ برسہابرس سے  ان کا خاندان بھٹکل میں ہی  رہائش پذیر ہے۔

سمجھا جارہا ہے کہ پی ایس آئی کا سیول   امتحان دے کر کامیاب ہونے والا مُشاہد  نوائط کمیونٹی کا پہلا نوجوان ہے۔ ان کی اس اہم کامیابی پر  نہ صرف نوائط کمیونٹی بلکہ  تمام مسلم برادری میں  نہایت خوشی کی لہر پائی جارہی  ہے۔ ان کی اس اہم کامیابی پر بھٹکل کے قومی سماجی ادارے  مجلس اصلاح وتنظیم کے ذمہ داران سمیت دبئی اور گلف کی دیگر جماعتوں کے ذمہ داران نے  بھی انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ  اس  نوجوان کی کامیابی  کے بعد  بھٹکل کے دیگر نوجوان بھی اس میدان میں آگے بڑھیں گے اور ملک کے ساتھ ساتھ  قوم وملت کے لئے  بھی اپنی بھرپور خدمات فراہم کریں گے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل کے شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ کا انوکھا ٹورنامنٹ؛ جمعرات کوہوگا فائنل

ادارہ ادب اطفال کی جانب سے بھٹکل میں گذشتہ دس روز سے جاری  شبینہ مکاتب کے بچوں کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ  جمعرات کو اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اس انوکھے ٹورنامنٹ میں  شبینہ مکاتب کی چالیس ٹیمیں شریک ہوئی  تھیں جس میں سے چار ٹیمیں مسجد رحمانیہ شراالی،  عثمانیہ مسجد نوائط کالونی، ...

بھٹکل ودھان سبھا حلقے میں ہوئی 76 فی صد پولنگ؛ کئی بوتھوں میں مسلم خواتین کی دیکھی گئی کافی لمبی قطاریں

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اور کرناٹک  کے دوسرے  اور آخری مرحلے میں  جن 14 سیٹوں کے لئے پولنگ ہوئی ان میں اتر کنڑا ضلع کا بھٹکل ودھان سبھا حلقہ بھی شامل تھا جہاں 76 فی صد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ بھٹکل اسمبلی حلقے کے شہری اور دیہی علاقوں میں موجود تمام پولنگ سینٹرس  پر ...