بھٹکل :8؍ جنوری (ایس اؤ نیوز ) شہر کے میونسپالٹی حدودمیں اور شاہراہ پر بے تحاشہ جہاں تہاں پھلوں کی دکانیں شروع کئے جانے سے مقامی پھل بیوپاریوں کو ہورہی مشکلات کو دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دکان مالکان نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپا۔
میمورنڈم میں پھل بیوپاریوں نےکہا ہے کہ دستخط کردہ سبھی لوگ مقامی ہیں اور پھل بیوپار کے ذریعے اپنی زندگی گزارتے ہیں۔ لیکن پچھلے کچھ مہینوں سے شاہراہ کے کناروں پر باہر سے آئے ہوئے لوگوں نے جہاں تہاں پھلوں کی دکانیں کھول کر بیوپار کررہے ہیں۔ جس کے نتیجےمیں ہماری دکانوں میں ہماری اشیاء یوں ہی سڑرہی ہیں۔ جس کے چلتے ہم کئی دقتوں کا سامنا کررہےہیں۔ خاص کر دکانوں کا کرایہ ادا کرنا اور میونسپالٹی کو کچرہ نکاسی کی فیس ادا کرنا بھی ممکن نہیں ہوپارہاہے۔ اس سلسلے میں مقامی انتطامیہ مداخلت کرتےہوئے باکڑا بیوپاریوں کو بند کرایا جائے اور ہمیں اپنی دکانوں میں بیوپار کے لئے آسانی فراہم کی جائے۔ اس موقع پر مقامی دکاندار افتخار رکن الدین، فاضل شیخ، سراج ، محمد علی ، نذیر اور پرویز وغیرہ موجود تھے۔