بھٹکل 3 دسبر (ایس او نیوز) بنگلور سے بھٹکل جانے والی ایک پرائیویٹ بس کنداپور سے 20 کلومیٹر دور ہوسنگڑی کے قریب بالیبرے گھاٹ پر الٹ گئی، لیکن اللہ کی قدرت، حادثہ میں سبھی مسافر محفوظ رہ گئے۔
بس پر سوار ایک مسافر مبین دامودی نے بتایا کہ اڑی تیرچھی گھاٹ پر تیزی کے ساتھ بس چلانے کے چکر میں بس کا توازن بگڑ گیا اور بس ایک طرف الٹ گئی، یہ تو اچھا ہوا کہ بس روڈ کے باہر خالی جگہ پر الٹ گئی جس کی وجہ سے مسافر محفوظ رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ جمعہ صبح قریب پونے سات بجے پیش آیا۔ مسافر سمیت ڈرائیور بھی بال بال بچ گیا۔
بس پر قریب 25 مسافر سوار تھے، سبھی بس کی کھڑکیوں کی مدد سے باہر آگئے، اس دوران بنگلور سے بیندور جانے والی دوسری ایک پرائیویٹ بس نے تمام مسافروں کو اپنی بس پر سوار کرالیا اور بیندور میں چھوڑنے تک مدد کی۔ جہاں سے لوگ اپنے اپنے علاقوں کے لئے روانہ ہوگئے۔