ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے قریب ملپے ساحل پر ناشتہ کے معاملے پر سیاحوں اور مقامی دکانداروں کے درمیان جھڑپ

اُڈپی کے قریب ملپے ساحل پر ناشتہ کے معاملے پر سیاحوں اور مقامی دکانداروں کے درمیان جھڑپ

Wed, 11 Jun 2025 17:52:25    S O News
اُڈپی کے قریب ملپے ساحل پر ناشتہ کے معاملے پر سیاحوں اور مقامی دکانداروں کے درمیان جھڑپ

اُڈپی،  11 / جون (ایس او نیوز) شہر کی سڑک پر کل رات کے وقت اضافی پانی پوری کے مسئلے پر سیاحوں اور مقامی نوجوانوں کے بیچ  گروہی جھڑپ ہوگئی جس سے کچھ دیر کے لئے خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا ۔ 
    
 ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ملپے ساحل کے قریب کل رات تقریباً 9بجے  منڈیا سے سیاحت کے لئے آئے ہوئے نوجوانوں اور سڑک کنارے پانی پوری فروخت کرنے والے کے درمیان اضافی طور پر ایک اور پانی پوری طلب کرنے جیسی معمولی بات کو لے کر زبانی تکرار شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے باضابطہ لڑائی اور مار پیٹ میں بدل گئی ۔ سیاحوں اور مکانی دکانداروں کے گروپ بیچ سڑک پر آپس میں ٹکرا گئے اور ہاتھا پائی کے دوران میں کرکٹ کے بلّے بھی استعمال کیے گئے ۔ 
    
اس کے بعد دونوں فریقوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی جس کے نتیجے میں دونوں گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ۔ 
    
پہلے معاملے میں سدیپ، سمپت، پونیت، مہیش، کانّا وائیجی اور اراوند کو ملزم بنایا گیا ہے ۔ جبکہ دوسرے معاملے میں رمیش، مونو اور ونود کو ملزم بنایا گیا ہے ۔ 
    
پولیس نے بتایا ہے کہ اس نے اس معاملے میں ملوث تمام ملزمین کو مزید تفتیش کے لئے اپنی تحویل میں لیا ہے  اور ثبوتوں کی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جائے گی ۔ مزید بر آں پولیس نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ آئندہ ایسی واقعات دہرائے نہ جائیں اور بالخصوص مشہور سیاحتی مقامات پر اس طرح کے جھگڑوں سے گریز کیا جائے ۔ 
    
عوام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے مقامی امن و امان کے لئے خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس لئے ایسے واقعات پر روک لگانا اور اس میں ملوث لوگوں کے خلاف کڑی کارروائی کرنا ضروری ہے ۔


Share: