ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹرا کے اسکولوں میں ہندی تھوپنے کے خلاف اُدھو ٹھاکرے کا احتجاج؛ سرکاری حکم نامہ نذرِ آتش

مہاراشٹرا کے اسکولوں میں ہندی تھوپنے کے خلاف اُدھو ٹھاکرے کا احتجاج؛ سرکاری حکم نامہ نذرِ آتش

Sun, 29 Jun 2025 19:14:10    S O News

ممبئی 29/جون (ایس او نیوز) : مہاراشٹرا  میں تعلیمی نظام میں نافذ کی گئی تین زبانوں کے فارمولے، بالخصوص پرائمری سطح پر ہندی زبان کو لازمی قرار دیے جانے کے خلاف، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے اتوار کو ممبئی کے تاریخی آزاد میدان میں شدید احتجاج کیا اور سرکاری حکم نامہ (جی آر) کی کاپیاں نذر آتش کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُدھو ٹھاکرے نے کہا، "ہم 5 جولائی کو ایک مہا بھویہ اندولن (بڑے پیمانے پر احتجاج) کرنے جا رہے ہیں۔" انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف ایک احتجاج نہیں بلکہ مراٹھی زبان کی عزت و وقار کی حفاظت کی لڑائی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس احتجاج میں اُن کے کزن اور ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے بھی شرکت کریں گے، جو طویل عرصے سے ان سے سیاسی طور پر الگ تھے۔

احتجاجی جلسہ "مراٹھی ابھیاِس کیندر" اور دیگر ہم خیال تنظیموں کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں مختلف پارٹیوں کے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن ساپکل، شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن راجیہ سبھا سنجے راوت، رکن لوک سبھا انل دیسائی، ایم این ایس کے رہنما نتن سردیسائی، بائیں بازو اور سوشلسٹ پارٹیوں کے نمائندے شامل تھے۔

اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے اور ورلی سے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے۔

جب اُن سے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی صدر اجیت پوار کے موقف کے بارے میں پوچھا گیا تو اُدھو ٹھاکرے نے کہا: "کم از کم اُن پر دانشمندی غالب آئی اور انہوں نے مناسب موقف اختیار کیا، اس پر میں خوش ہوں۔"

حکم نامے کو جلانے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا: "ہم نے اُسے جلا دیا ہے... اب وہ سرکاری حکم نامہ موجود نہیں رہا۔"

اُدھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ، "ہم ہندی زبان کے خلاف نہیں ہیں، لیکن اُس کے زبردستی نفاذ کے خلاف ہیں۔ شیو سینا ہر اس فیصلے کی مخالفت کرے گی جو مراٹھی زبان کی عظمت اور شناخت کو کمزور کرتا ہو۔"

صبح کے وقت جب سنجے راوت سے پوچھا گیا کہ کیا راج ٹھاکرے اور اُدھو ٹھاکرے کا ایک ساتھ آنا کسی سیاسی اتحاد کی علامت ہے، تو انہوں نے جواب دیا: "راج اور اُدھو کا ایک ساتھ کھڑا ہونا کیا سیاسی اتحاد نہیں؟"


Share: